وزیر اعظم نریندر مودی نے بروز جمعہ ہری جھنڈی دکھا کر ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کو روانہ کیا تھا اور اس کے دوسرے ہی دن ٹرین میں خرابی آ گئی۔ اس خرابی کے بعد لوگ حیران ہیں کہ ایسا کیونکر ہوا۔
ہندوستان کی پہلی سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین ’وندے بھارت ایکسپریس‘ میں لانچنگ کے دوسرے ہی دن خامی منظر عام پر آ گئی۔ خرابی کی وجہ سے ٹرین کئی گھنٹے تک منزل سے پہلے ہی رکی رہی اور لوگ یہ سوچ کر حیرانی میں پڑ گئے کہ ابھی ہی ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کی یہ حالت ہے تو آگے کیا ہوگا۔ لوگوں نے اس پر کئی طرح کے سوالات بھی اٹھانے شروع کر دیے ہیں۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے غمگین ماحول کے درمیان 15 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا، لیکن 16 فروری کی صبح ہی اس میں خرابی پیدا ہو گئی۔ ٹرین جب وارانسی سے دہلی واپس لوٹ رہی تھی تبھی یو پی کے ٹنڈلا اسٹیشن سے 18 کلو میٹر کی دوری پر ہفتہ کی صبح 6.30 بجے ٹرین اچانک رُک گئی۔ پھر یہ ٹرین 8.15 بجے وہاں سے روانہ ہوئی۔
Railways Min: Vande Bharat Express was standing 18km from Tundla since 6.30 am. There seems to be disruption due to a possible cattle run over. It wasn't a scheduled commercial run. Commercial ops begin from 17 Feb. After removing obstacle, journey to Delhi resumed around 8.15 am pic.twitter.com/jxLBD9Cg8v
— ANI (@ANI) February 16, 2019
اس تعلق سے وزارت ریل کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ’’وارانسی سے نئی دہلی آ رہی ’وندے بھارت ایکسپریس‘ غالباً کسی جانور کے ریلوے لائن سے گزرنے کے سبب رک گئی۔‘‘ ترجمان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’فی الحال یہ ٹرین ٹرائل رَن پر ہے اور عوام کے لیے اسے 17 فروری سے کھولا جائے گا۔‘‘ کچھ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کے آخری کچھ ڈبوں میں بریک جام ہو گئے تھے اور آخری چار بوگیوں میں بجلی بھی گل ہو گئی تھی۔