مولانا سید ارشد مدنی نے سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی بزدلانہ حرکت قراردیا ۔
نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے پلوامہ کے اندوہ ناک حادثہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی بزدلانہ حرکت ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، سی آرپی ایف کے جوانوں پر کیا گیا یہ حملہ ملک کی سلامتی اور اس کی روح پر حملہ ہے ، ساتھ ہی ساتھ ملک کے پر آشوب حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے یہ اپیل کی کہ بلاتفریق مذہب وملت ایک ہندوستانی کے طورپر ملک مخالف طاقتوں کے خلاف متحد ہوجائیں ، انہوں نے کہا کہ کسی کو قتل کرنا غیر انسانی فعل ہے جس کی اجازت دنیا کا کوئی مذہب نہیں دیتا ہے ، اس دکھ کی گھڑی میں ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہید ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں، علاوہ ازیں تمام زخمیوں کے تعلق سے ان کی جلد صحت یابی کو لیکر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی اور شہری اس طرح کب تک اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے ، واضح رہے کہ مولانا نے ملک بھرمیں پھیلی ہوئی تمام یونٹوں کو یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ اس سانحہ کے خلاف نہ صرف پرامن احتجاج کریں بلکہ اس کی سختی سے مذمت بھی کریں ۔ جمعیۃ علماء ہند ابتدائی ہی سے دہشت گردی ، تشدداور مذہبی شدت پسندی کی مخالف رہی ہے اور اس کے لئے عملی طور پر میدان میں کام بھی کررہی ہے ، اس لئے نہ صرف ہم دہشت گردی اور بدامنی کی سخت مذمت کرتے ہیں بلکہ ان قوتوں کی بھی مذمت کرتے ہیں کہ جو کسی بھی ملک میں دہشت گردی کو خاص مذہب سے جوڑتے ہیں ، دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ملک میں امن وامان کو نہ صرف قائم رکھے بلکہ ہمیں متحدہوکر پورے ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کی طاقت بھی دے ۔