پلوامہ حملہ دہشت گردوں کی مایوسی کا ثبوت ، مناسب وقت پر لیا جائےگا بدلہ : راجناتھ سنگھ

مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہونے والا دہشت گردانہ حملہ دہشت گردوں کی مایوسی کا ثبوت ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہونے والا دہشت گردانہ حملہ دہشت گردوں کی مایوسی کا ثبوت ہے۔ مسٹر سنگھ نے اڈیشہ کے ضلع بھدرک کے رانی تال میں مختلف اضلاع کے بوتھ سطح کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے وادی میں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا،’میں گذشتہ پانچ برس کے دوران ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کی حقیقی تعداد تو نہیں بتا سکتا ، لیکن اتنا کہہ سکتا ہوں کہ اس دوران کئی بڑے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ‘۔
انہوں نے کہا کہ انہی کاروائیوں سے دہشت گرد پریشان اور مایوس ہیں۔ پلوامہ حملہ اس کا واضح ثبوت ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ جوانوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائےگی۔اس مسئلے پر پورا ملک ایک ہے اور وزیر اعظم مودی نے جرم کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کرنے اور ان سے نمٹنے کے لیے فوج کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ مناسب وقت پر بہادر جوانوں کی شہادت کا بدلا لیا جائےگا۔
مسٹر سنگھ نے پاکستان پر دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مایوس ہوگا کیونکہ ملک اور عوام اپنے جوانوں کی حمایت میں ہیں ۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ حملے کی سازش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد ان کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی اجلاس میں متفقہ طور پر حملے کی مذمت کی گئی۔ پورا ملک شہیدوں کے اہل خانہ کے ساتھ پوری طاقت سے کھڑا ہے۔