نئی دہلی: (ملت ٹاٸمز) پلوامہ حملے میں سی آر پی ایف جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اے آئی یو ڈی ایف چیف، دھوبڑی سے ایم پی اور جمعیۃ علماء آسام کے صدر مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا پلوامہ حملہ انتہا درجے کی بزدلانہ حرکت ہے جس کی نہ کوئی مہذب سماج ااور نہ ہی کوئی مذہب اجازت دیتا ہے۔ اس حادثے نے یقینا ملک کے تمام شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
اس لیے حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سخت سے سخت پالیسی بنائے۔ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو بھی مناسب قدم اٹھاتی ہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔
مولانا اجمل نے ملک کے باشندوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا ہمیں ان حالات سے ڈرنا نہیں چاہیے، بلکہ آئیے ہم سب ملک کر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے جوانوں کی اس بے مثال قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
مولانا اجمل نے اس ضمن میں حکومت کی تساہلی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنی مذموم حرکتوں میں انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔
پلوامہ حملہ ہمارے لیے یقینا ناقابل برداشت ہے۔اس طرح ہم اپنے جوانوں کی قیمتی جانیں نہیں گنوا سکتے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ہمارے جوانوں کی جانیں محفوظ رہیں گی اور صرف ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔