امارت شرعیہ امت مسلمہ کے ملی وجود کی روشن علامت ہے: مفتی ثناء الہدی قاسمی 




مظفر پور: (ملت ٹائمز) ۴ ؍ ۵ مارچ کو شہر مظفر پور اور ۶؍ ۷ مارچ کو سیتامرھی میں امارت شریعہ کے زیراہتمام ضلع کے نقباء، نائبین نقباء، ارباب حل و عقد، اراکین شوری امارت شریعہ، علما، ائمہ، دانشوران کے دو روزہ خصوصی تربیتی اجلاس عام کی تیاریاں زوروں پر ہیں امارت شریعہ کے نائب ناظم خطیب العصر حضرت مولانا مفتی ثناء الہدی صاحب قاسمی دامت برکاتہم ، مبلغ امارت شریعہ مولانا اختر حسین شمسی ، مولانا نور عالم،  اور مقامی علماء و ذمہ داران کے ساتھ اجلاس کو کامیاب بنانے کے لئے مسلسل علاقوں کا دورہ اور خصوصی میٹنگیں کر رہے ہیں۔ علاقے سے مل رہی اطلاع  کے مطابق مفکر اسلام امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب جنرل سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی آمد کو لے کر ضلع کے عوام و خواص میں والہانہ جوش و خروش ہے اور حضرت امیر شریعت کے استقبال کے لئے دیدہ و دل فراش راہ کئے ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ سابقہ اجلاس کی طرح یہ اجلاس بھی تاریخ ساز کامیاب اور بامقصد ثابت ہوگا، وہیں آج نائب ناظم امارت شریعہ نے ذرائع ابلاغ کے نام جاری پریس ریلیز میں کہا کہ امارت شرعیہ امت مسلمہ کے ملی وجود کی روشن علامت ہے، اسلام کا بنیادی عقیدہ توحید ہے اس لیے وہ ہرجگہ وحدت کی جھلک دیکھنا چاہتا ہے اور اس کے ہر قانون زندگی میں وحدت کی جھلک بھی پائی جاتی ہے یہاں بھی اسلام کاحکم یہی ہےکہ تم جہاں کہیں رہو ، ایک سردارکے تحت رہو جس کی اطاعت تم اپنے لیے ضروری سمجھو، اللہ کافضل ہے ہم لوگ امارت شرعیہ کےبینرتلےوحدت و اجتماعیت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں وحدت و اجتماعیت کا نام امارت شرعیہ ہے۔ ہمارے امیرشر یعت اتحاد امت ، معاشرہ کی اصلاح ، قانون شریعت کے تحفظ اورملت کی سربلندی کے لیے سرگرم ہیں اسی سرگرمی اور فکر مندی کے تحت ۴ ؍ ۵ مارچ کو آپ کے شہر مظفرپور تشریف لارہے ہیں، جس میں دونوں دن ضلع کے علماء ائمہ دنشوران سماجی کارکنان ونقباء سے ملت کے مسائل پر تبادلۂ خیال کریں گے اور اخیرمیں ۵ مارچ کو بعد نماز مغرب اجلاس عام کے ذریعہ ملت کو حیات بخش پیغام دیں گے مفتی ثناء الہدی قاسمی نے مزید فرمایاکہ جماعتی زندگی کے بغیر اسلام کا تصورنہیں کیا جاسکتا، اور جماعت کی تشکیل اسی صورت میں ممکن ہے، جب افراد کسی امیرکو مرکز بناکر اس کے گرد جمع ہوجائیں اور امارت کے فوائد اسی وقت ظاہر ہوں گے جب لوگ اطاعت و فرمانبرداری کریں اللہ کا بڑا فضل ہے ہمارے امیرشر یعت  مفکراسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی دامت برکاتہم ملت اسلامیہ کی سربلندی کے لیے فکرمند ہیں۔ ہم سب پرلازم ہے کہ ان کی اطاعت کریں اورسمع و طاعت کی زندگی گزاریں، ہم سب خوش قسمت ہیں کہ ہمارے امیرشریعت نے ہم لوگوں کے لیے اپنا قیمتی وقت نکالا ہے واضح ہو کہ امیر شریعت شہر مظفرپور کے دو روزہ دورہ کے تحت مظفرپور تشریف لارہے ہیں اس موقع پر ۴ ؍ مارچ کو احاطہ حاجی عتیق الرحمن مہیش بابو چوک جورن چھپرہ میں خصوصی تربیتی اجلاس منعقد ہوگا اور ۵ ؍ مارچ کو اقلیمہ ہائی اسکول  نزد مدرسہ محبوبیہ چین پور بنگرہ میں بعد نماز مغرب اجلاس عام منعقد ہوگا۔ لہذا تمام فرزندان توحید سے اپیل ہے کہ مذکورہ بالا پروگرام میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہو کر ملی بیداری کا ثبوت دیں ۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *