نیوزی لینڈ میں نمازیوں کا قتل عام بدترین دہشت گردی: شاہ سلمان

شاہ سلمان نے بیان میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں شہید ہونے والے نمازیوں کے شہادت کی قبولیت، مغفرت اور بلندی درجات جب کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

ریاض(ایجنسیاں)
سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائیسٹ چرچ میں گذشتہ روز دو مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قتل عام میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹویٹر پر اپنے بیان میں شاہ سلمان نے کہا کہ نیوزی لیند میں نماز ادا کرنے والے مسلمانوں پر بزدلادنہ اور وحشیانہ حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔ عالمی برادری کو نفرت پھیلانے اور دہشت گردی کے مرتکب عناصر کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہوتا۔ دہشت گرد دینی اور انسانی اقدار سے عاری ہیں۔
شاہ سلمان نے بیان میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں شہید ہونے والے نمازیوں کے شہادت کی قبولیت، مغفرت اور بلندی درجات جب کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
قبل ازیں شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے نیوزی لیںڈ حکومت کی گورنر کے نام ارسال کردہ تعزیتی برقیہ میں مساجد میں نمازیوں کے قتل عام پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیوزی لینڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
خیال رہے کہ کل جمعہ کو نماز جمعہ کے دوران نیوزی لینڈ کے شہر کرائیسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملے میں 50 نمازی شہید اور 40 سے زاید زخمی ہو گئے تھے۔ مساجد میں نمازیوں کے وحشیانہ قتل عام کی پوری دنیا میں مذمت کی جا رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کی حکومت نے مرکزی حملہ آور سمیت 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔