نیوزی لینڈ میں 22 ؍ مارچ جمعے کو اذان براہ راست نشر ہوگی 

نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گردانہ حملے کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک باپ اور بیٹے کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم جیسینڈا آرڈرن کے بقول ہلاک شدگان کے لیے ایک خصوصی تقریب منقعد کی جائے گی۔

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جیسینڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ اس حملے کے ٹھیک ایک ہفتے بعد یعنی جمعہ 22 مارچ کو جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نہ صرف ملک بھر میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی بلکہ جمعے کی اذان بھی براہ راست نشر کی جائے گی۔

کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 50 لوگوں کی آخری رسومات کا آج بدھ 20 مارچ سے آغاز ہو گیا ہے۔

 اولین نماز جنازہ ایک شامی مہاجر خالد مصطفیٰ اور ان کے 15 سالہ بیٹے حمزہ کی ادا کی گئی اور ان باپ بیٹے کو کرائسٹ چرچ کے میموریل پارک قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ اس حملے میں خالد مصطفیٰ کے چھوٹے بھائی بھی زخمی ہوئے تھے اور انہوں نے وہیل چیئر پر جنازے میں شرکت کی۔ ان باپ بیٹے کی آخری رسومات میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت

نیوزی لینڈ کی پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ دو مساجد میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے قریب 50 افراد کی شناخت کا عمل آج 20 مارچ کی شام تک مکمل ہو جائے گا اور اس کے بعد مرنے والوں کے جسد خاکی ان کے خاندان کے افراد کے حوالے کر دی جائیں گی۔