مہاراشٹر میں کانگریس – این سی پی کے اتحاد سے مودی کی راہ مشکل

 مہاگٹھ بندھن کی دونوں بڑی پارٹیاں کانگریس اور این سی پی بالترتیب 24 اور 20 سیٹوں پر انتخاب لڑیں گی۔ سوابھیمانی شیتکاری سنگٹھن 2، بہوجن وکاس اگاڑی اور یوا سوابھیمانی فریق 1-1 سیٹ پر امیدوار اتاریں گی۔

 کانگریس 24 اور این سی پی 20 سیٹوں پر لڑے گی انتخاب

ممبئی: مہاراشٹر کی 48 سیٹوں پرلوک سبھا انتخابات کے لیے کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے ہفتے کے روز سیٹوں کا اعلان کیا۔ مہاراشٹر میں کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چوہان نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانگریس اور این سی پی کے اتحاد میں سوابھیمانی شیتکاری سنگٹھن، بہوجن وکاس اگاڑی اور یوا سوابھیمانی فریق شامل ہیں۔ اتحاد میں دونوں بڑی پارٹیاں کانگریس اور این سی پی 24 اور20 سیٹوں پر لوک سبھا کا الیکشن لڑیں گے۔ سوابھیمانی شیتکاری سنگٹھن دو، بہوجن وکاس اگاڑی اور یوا سوابھیمانی فریق ایک ایک سیٹ پر امیدوار اتاریں گے۔

غور طلب ہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیوسینا پہلے ہی اتحاد کا اعلان کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر ریاست کی 48 سیٹوں میں سے بی جے پی 25 اور شیوسینا 23 پر الیکشن لڑیں گے۔ شیوسینا نے جمعہ کو اپنے 21 امیدواروں کا اعلان بھی کردیا ہے۔ پارٹی نے 18 اراکین پارلیمنٹ میں سے 17 کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ ایئر انڈیا میں ہوائی سفر کے دوران اہلکار کے ساتھ بدسلوکی کے تنازع میں گھرے رویندر گائکواڑ کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ ان کی جگہ پر عثمان آباد سے اومراجے نمبلکر کو ٹکٹ دیا ہے۔