برج خلیفہ پر تصویر کے ساتھ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو خراج تحسین

دبئی (ملت ٹائمز)
دبئی میں جمعے کے روز دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی تصویر آویزاں کی گئی۔ یہ اقدام کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملوں کے بعد آرڈن کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے لیے ہمدردی اور یک جہتی کے شان دار مظاہرے پر خاتون وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرنے اور شکریہ ادا کرنے کے واسطے کیا گیا۔گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کے دوران ان حملوں میں پچاس افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
جیسینڈا آرڈرن نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد شہدائ کے جنازے میں شریک ہو کر پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی تھی۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم اس موقع پر سر پر حجاب کے ساتھ شریک ہوئیں اور انہوں نے جمعرات کے روز ملک کے تمام شہریوں کو دعوت عام دی تھی کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے شہدا کی آخری رسومات میں حجاب کے ساتھ شریک ہوں۔
گزشتہ روز پورے نیوزی لینڈ میں جمعے کی اذان براہ راست نشر کی گئی۔ بعد ازاں کرائسٹ چرچ مساجد کے 50 شہدائکی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
شہداءکی نماز جنازہ کے موقع پر مختلف رنگ و نسل کے ہزاروں افراد موجود تھے اور اس دوران مذہبی رواداری کا بے مثال مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔