دہلی: عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد پر حتمی فیصلہ لیا جا سکتا ہے، راہل نے کی اہم مٹینگ طلب 

کانگریس نے دہلی میں پیر کے روز ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے، جس میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد پر حتمی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔

لوک سبھا انتخابات کے مد نظر عام آدمی پارٹی (عآپ) اور کانگریس کے درمیان اتحاد کی خبریں ایک مرتبہ پھر تیز ہو گئی ہیں۔ کانگریس نے دہلی میں پیر کے روز ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے، جس میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد پر حتمی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔

راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر صبح 10 بجے یہ میٹنگ ہونی ہے۔ اس میں دہلی کانگریس صدر شیلا دکشت بھی موجود رہیں گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی ایک مرتبہ پھر سے دہلی کی حالات پر بحث کریں گے اور دہلی کے کانگریس لیڈران کی رائے جانیں گے۔

بتا دیں کہ لوک سبھا الیکشن میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے بیچ اتحاد کو لے کر صورتحال ابھی تک واضح نہیں ہوئی ہے، عام آدمی پارٹی دہلی کی ساتوں سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے اور انتخابی مہم بھی شروع کر دی ہے۔ لیکن ذرائع کے مطابق دونوں پارٹیوں میں ابھی بھی گٹھ بندھن کو لے کر بات چیت جاری ہے۔

کانگریس جنرل سیکریٹری اور دہلی ان چارج پی سی چاکو نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ کانگریس اور عآپ کا اتحاد ہوگا یا نہیں، اس بات کا فیصلہ آج شام میں راہل گاندھی کر سکتے ہیں۔