یو ڈی ایف نے صرف تین سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کیا۔ ووٹوں کی تقسیم اور بی جے پی کو روکنے کیلئے 11 سیٹیں کانگریس کیلئے چھوڑدی

مرکز المعارف کے روح رواں مولانا بدرالدین اجمل صاحب

گوہاٹی (ملت ٹائمز)
آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ نے آسام کی 14 لوک سبھا سیٹوں میں سے صرف تین پر اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا ہے بقیہ 11 سیٹوں پر ووٹوں کی تقسیم سے بچنے اور بی جے پی کوروکنے کیلئے اپنا امیدوار نہیں اتارا ہے.
اے آئی یو ڈی ایف کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ امین الاسلام نے آج ایک پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یو ڈی ایف صرف ان سیٹوں پر اپنے امیدوار کو اتارے گی جس پر اسے 2014 میں جیت ملی تھی.
چنانچہ ڈھبری سے مولانا بدرالدین اجمل انتخاب لڑیں گے. بار پیٹا سے ڈاکٹر حافظ رفیق الاسلام کو امیدوار بنایا گیا ہے واضح رہے کہ 2014 میں یہاں یوڈی ایف کے ٹکٹ پر سراج الدین اجمل کو جیت ملی تھی. کریم گنج سے موجودہ ایم پی رادھے بسواس الیکشن لڑیں گے.
پارٹی کے جنرل سیکرٹری امین الاسلام نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 2019 کا الیکشن بہت اہم ہے اور فرقہ پرست طاقتوں اور بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنا ضروری ہے اس لئیے ووٹوں کو تقسیم سے بچانے کیلئے ہم صرف ان سیٹوں پر اپنے امیدوار اتار رہے ہیں جہاں پہلے سے ہمارے ایم پی موجود ہیں. بقیہ سیٹوں پر ہم کانگریس کی حمایت کریں گے. انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ کانگریس 14 میں سے 3 سیٹیں یو ڈی ایف کیلئے چھوڑتی ہے یا نہیں.؟
واضح رہے کہ یو ڈی ایف کے صدر مولانا بدرالدین اجمل نے شروع سے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کی کوشش کی لیکن کانگریس نے کوئی توجہ نہیں دی۔