سہارنپور (ایم این این )
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے متنازع بیان پر سہارنپور سے کانگریس کے امیدوار عمران مسعود نے جوابی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ”یہ افسوسناک بات ہے، آپ کسی کی حب الوطنی پر سوال کھڑے نہیں کر سکتے۔ اگر ملک کو میرے سر کی ضرورت ہوگی تو میں اپنا سر بھی قلم کرا دوں گا۔ بھارت ماتا اتنی ہی میری بھی ہے جتنی یوگی جی کی۔“
واضح رہے کہ اتر پردیش کے سہارنپور میں اتوار کو ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے قابل اعتراض بیان دیا تھا۔ انہوں نے جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر کا نام لیتے ہوئے کہا تھا، ”سہارنپور میں بھی اظہر مسعود کا ایک داماد ہے، جو اسی کی زبان بولتا ہے۔ اس لئے آپ کو طے کرنا ہے کہ دہشت گرد کی زبان بولنے والے شخص کو جتانا ہے یا وزیر اعظم مودی کے سپاہی کی طرح کام کر رہے راگھو لکھن پال کو۔“
بی جے پی کے رہنما اور وزیر انتخابی جلسوں میں ترقی کی بات کرنے کے بجائے پاکستان اور ایئر اسٹرائیک کی بات کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے روک لگانے کے باوجود بی جے پی رہنما ایئر اسٹرائیک کی بات کرنے سے باز نہیں آ رہے۔ ادھر کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ ترقی پر بات کرنا چاہتی ہے۔ لیکن ملک کی ترقی کرنے میں ناکام بی جے پی اور اس کے رہنما پاکستان اور شہید جوانوں کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔