کشن گنج سے اختر الایمان نے داخل کیا پرچہ نامزدگی ۔ عوام کے جانب سے بھر پور حمایت کی یقین دہانی

کشن گنج میں ان کا مقابلہ کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر محمد جاوید اور جے ڈی یو کے امیدوار محمود اشرف سے ہوگا
کشن گنج(ملت ٹائمز)
کشن گنج لوک سبھا سیٹ سے اختر الایمان نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر اپنا پرچہ نامزدگی آج داخل کردیاہے ۔ کشن گنج میں ان کا مقابلہ کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر محمد جاوید اور جے ڈی یو کے امیدوار محمود اشرف سے ہوگا ۔
اختر الایمان تین مرتبہ کوچا دھامن اور کشن گنج ودھان سبھا ایم ایل اے رہ چکے ہیں ۔ 2014 میں جے ڈی یو کے ٹکٹ پر وہ لوک سبھا کے امیدوار تھے ،ان کے مقابلے میں کانگریس سے مولانا اسرارالحق قاسمی رحمة اللہ علیہ اور بی جے پی کے امیدوار تھے ۔ الیکشن کے آخری دنوں میں بی جے پی کی شکست کو یقینی بنانے کیلئے انہوں نے اپنی امیدواری واپس لے لی تھی ۔اس واقعہ کے بعد جے ڈی یو سے ان کے رشتے بگڑ گئے اور انہوں نے ایم آئی ایم جوائن کرلیا ۔گذشتہ ایک سال سے وہ لوک سبھا کی تیاری کررہے تھے اور آج انہوں نے اپنا پرچہ نامزدگی بھی داخل کردیاہے ۔
اخترالایمان کا مقابلہ اس مرتبہ کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر محمد جاوید اور جے ڈی یو کے امیدوار محمود اشرف سے ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق اختر الایمان کو کشن گنج میں ہر طبقہ کی حمایت حاصل ہے ۔مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم ووٹرس بھی بڑی تعداد میں ان کے ساتھ ہیں ۔ڈاکٹر تارا شویتا سمیت کئی غیر مسلم سیاسی لیڈروں نے ایم آئی ایم کی رکنیت بھی حاصل کرلی ہے ۔ جے ڈی یو اور کانگریس کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں وہاں ایم آئی ایم کی رکنیت حاصل کررہے ہیں ۔
دوسری طرف عوام کانگریس سے شدید ناراض ہے ۔ عوام کا مانناہے کہ کانگریس نے مولانا اسراراالحق قاسمی رحمة اللہ علیہ کو 2009 میں وزیر نہیں بنایا ۔2017 میں طلاق بل پر بحث کے درمیان پارلیمنٹ میں انہیں بولنے سے منع کردیاگیا۔ مولانا مرحوم کے حامیوں کی کانگریس سے ناراضگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب پارٹی نے مولانا کے بھائی زاہد الرحمن کے بجائی ڈاکٹر جاوید کو وہاں سے امیدوار بنادیا ۔اس کی وجہ سے بھی عوام میں شدید ناراضگی ہے اور ماناجارہاہے کہ کانگریسی ووٹرس اس مرتبہ اختر لایمان کے طرف منتقل ہوگئے ہیں ۔محمود اشرف جے ڈی یو سے ہیں اس لئے مسلمان پہلے سے ہی شدید ناراض ہیں اور ان کی طرف مسلم ووٹرس کا بالکل کوئی رجحان نہیں ہے ۔
18اپریل کو دوسرے مرحلے میں کشن گنج میں ووٹنگ ہوگی ۔ملت ٹائمز کو ملی اطلاع کے مطابق گیارہ اپریل کے بعد ایم آئی ایم سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی بھی کشن گنج لوک سبھا میں متعدد ریلیاں کریں گے ۔