آتشزدگی معاملہ میں دو درجن جھونپڑے خاکستر ، جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) نے متاثرین کی امداد کی




ممبئی: گزشتہ دنوں ممبئی کے مضافات مسلم اکثریتی علاقہ گونڈی میں آتشزدگی کا معاملہ پیش آیا ، جس میں دو درجن سے زائد جھونپڑے خاکستر ہوگئے ۔ ان متاثرین میں سے 15خاندانوں کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی جانب سے فی خاندان پانچ ہزار روپئے امداد کی گئی ۔
مقامی جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی کی سروے رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کا معاملہ ۱۰؍ مارچ ۲۰۱۹؁ء کو بعد نماز عصر پیش آیا ،جس میں تقریباً ۲۵؍ جھونپڑے جل کر خاکستر ہوگئے ۔راستہ تنگ ہونے کی وجہ سے آگ پر فوری طور پر قابو نہیں پایا جا سکا،اور پل بھر میں دو درجن کے قریب مکانات اس کی لپیٹ میں آگئے ۔
آگ کی شدت کا عالم یہ تھا کہ مکینوں کے بدن کے کپڑے کے علاوہ کوئی بھی سامان نہیں بچا،حتی کہ ان کے قیمتی دستاویزات بھی نذر آتش ہوگئے ۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا اشتیاق احمد قاسمی سے رابطہ قائم کر کے جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی کے ذمہ داران کے ساتھ متاثرین کے نقصانات کی رپورٹ تیار کرکے ریاستی دفتر کو ارسال کرنے کی ہدایت دی ۔حسب ہدایت مولانا نے مقامی یونٹ کے نمائندوں کے ساتھ جائے حادثہ کا سروے کیا ،اور اپنی سروے رپورٹ سے ریاستی ذمہ داروں کو مطلع کیا ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داران نے متاثرین کی سروے رپورٹ کی روشنی میں ۱۵؍ متاثرہ خاندانوں کی فی خاندان پانچ ہزار روپیہ فوری امداد کا فیصلہ کیا ،اور بذریعہ چیک ان کے بینک کھاتوں میں جمع کروادیئے گئے ۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *