مہاگٹھبندھن کی یہ فہرست آنے کے بعد ایسا لگ رہاہے کہ آرجے ڈی اور کانگریس کے کئی قد آور رہنما کا ٹکٹ کٹ کیاگیاہے
پٹنہ (ملت ٹائمز)
بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی زیر قیادت مہاگٹھ بندھن نے آج 40 میں سے 31 لوک سبھا سیٹوں پر امیدواروں کی فہرست جاری کر دی۔ آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے اپنے اتحادی ہندوستانی عوام مورچہ ( ایچ اے ایم) کے صدر جتن رام مانجھی، وکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کے سربراہ مکیش ساہنی اور مہاگٹھ بندھن کے دیگر رہنماو¿ں کی موجودگی میں یہاں منعقد ہ پریس کانفرنس میں امیدواروں کے نام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آر جے ڈی نے مدھے پورہ سے شرد یادو، دربھنگہ سے عبد الباری صدیقی، ویشالی سے رگھونش پرساد سنگھ، گوپال گنج سے سریندر رام عرف مہنت جی، سیوان سے حنا شہاب، مہاراج گنج سے رندھیر سنگھ، سارن سے چندریا رائے اور حاجی پور سے شیوچندر رام کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔
اسی طرح بیگو سرائے سے تنویر حسن، پاٹلی پتر سے میسا بھارتی، بکسر سے جگدانند سنگھ، جہان آباد سے سریندر یادو، نوادہ سے ویبھا دیوی، جھنجھارپور سے گلاب یادو، ارریہ سے سرفراز عالم، سیتامڑھی سے ارجن رائے، بھاگلپور سے شیلیش کمار عرف بلو منڈل اور بانکا سے جے پرکاش نارائن یادو آر جے ڈی کے امیدوار بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آر جے ڈی کے کھاتے میں آنے والی شیوہر سیٹ سے امیدوار کے نام کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا جبکہ آر جے ڈی نے آرہ سیٹ کمیونسٹ پارٹی (مارکسی-لینن) کے لئے چھوڑ دی ہے۔
مہاگٹھ بندھن کی پریس کانفرنس میں کانگریس اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی ) کے کوئی بڑے لیڈر موجود نہیں تھے۔ اس سلسلے میں مسٹر تیجسوی یادو نے بتایا کہ کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا اور دیگر رہنما دہلی میں ہیں جبکہ آر ایل ایس پی صدر اوپیندر کشواہا کسی کیس کے سلسلے میں پٹنہ سے باہر رہنے کی وجہ پریس کانفرنس میں شریک نہیں ہو سکے۔
آر جے ڈی لیڈر مسٹر تیجسوی یادو نے بتایا کہ گٹھ بندھن کے تحت کانگریس کے کھاتے میں جانے والی نو سیٹوں میں سے کشن گنج سے محمد جاوید، کٹیہار سے طارق انور، پورنیہ سے ادےسنگھ عرف پپو سنگھ، سمستی پور سے اشوک رام، مونگیر سے نیلم دیوی، سہسرام سے میرا کمار اور سپول سے رنجیت رنجن کو امیدوار اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پٹنہ صاحب اور والمیکی نگر سیٹ سے امیدواروں کے نام کا اعلان جلد کر دے گی۔
یادو نے بتایا کہ آر ایل ایس پی کی پانچ سیٹوں پر بھی امیدواروں کے نام کا اعلان ایک- دو دنوں میں کر دیا جائے گا، جبکہ ایچ اے ایم کے کھاتے میں جانے والی نالندہ سیٹ سے اشوک کمار آزاد چندرونش، اورنگ آباد سے اوپیندر پرساد اور گیا سے ایچ اے ایم کے صدر جتن رام مانجھی الیکشن لڑیں گے۔
آر جے ڈی لیڈر نے بتایا کہ مہاگٹھ بندھن کے ایک اور اتحادی وکاسشیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) نے مظفر پور سے ڈاکٹر راج بھوشن چودھری نشاد، کھگڑیا سے وی آئی پی کے صدر مکیش ساہنی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وی آئی پی جلد ہی مدھوبنی سیٹ سے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کر دے گی۔
مہاگٹھبندھن کی یہ فہرست آنے کے بعد ایسا لگ رہاہے کہ آرجے ڈی اور کانگریس کے کئی قد آور رہنما کا ٹکٹ کٹ کیاگیاہے ۔ اشرف علی فاطمی مدھوبنی سے مضبوط دعویدار تھے اور مسلسل سرگرم تھے لیکن وہ سیٹ وی آئی پی کے کھاتے میں چلی گئی ہے ۔ڈاکٹر شکیل احمد بھی وہاں سے مسلسل دعویداری کررہے تھے۔