بی جے پی سے ناطہ توڑ چکے کانگریس کے ممکنہ اسٹار مہم جو فہرست میں شامل شتروگھن سنہا کا بیان ” ملک میں جمہوریت کو خطرہ، حکومت کی باگ ڈور کانگریس کے ہاتھ میں ہو “

بالی ووڈ اداکار سے سیاسی رہنما بنے شتروگھن سنہا کا خیال ہے کہ کانگریس پارٹی ہی ہندوستان کا سیاسی مستقبل ہے۔ حال ہی میں بی جے پی سے تعلقات ختم کرنے والے اور بہت جلد کانگریس میں شامل ہونے والے شتروگھن سنہا سے جب اس حوالہ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ’’راز کی بات تو سب جانتے ہیں۔ میں نے سونیا جی، راہل اور پرینکا سے ہاتھ ملایا ہے۔ میں اب کانگریس کا حصہ ہوں۔‘‘

پٹنہ صاحت سے مسلسل دو مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہے شتروگھن سنہا سے جب ان کے فیصلہ کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا، ’’کیوں، میں نے کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیوں کیا؟ میں نے بہت غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے اور کیوں نہیں لیتا؟ کانگریس وہی پارٹی ہے جس نے ملک کو آزاد کرایا۔ اس نے ہمیں پنڈت جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل جیسے قومی رہنما دیئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت کو خطرہ ہے اس لئے ملک کی باگڈور کانگریس کے ہاتھ میں ہونی چاہیے۔

یہ کہنے پر کہ وہ تو ماضی کی بات ہے اب کانگریس میں اس طرح کے رہنما کہاں؟ انہوں نے جواب دیا۔ ’’ ایسی ہی دلیل ہم بی جے پی کے لئے بھی دے سکتے ہیں۔ میں نے لال کرشن اڈوانی اور اٹل بہاری واجپئی جیسے رہنماؤں کی وجہ سے ان سے ہاتھ ملایا تھا۔ قیادت کو تبدیل ہونا ہی ہوتا ہے۔ آج کانگریس راہل گاندھی کے ہاتھوں میں ہے۔‘‘

کانگریس کے اسٹار مہم جو ہوں گے شتروگھن سنہا

معروف فلم اداکار اور بہار کے پٹنہ صاحب پارلیمانی حلقہ سے لوک سبھا کے رکن شتروگھن سنہا نے ابھی تک کانگریس کی رکنیت حاصل نہیں کی ہے لیکن پارٹی نے انہیں اپنے اسٹار انتخابی مہم جو کی فہرست میں ان کا نام شامل کر لیا ہے۔

بہار میں لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کے اسٹار پروموشنلوں کی الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی فہرست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم پی شتروگھن سنہا کا نام بھی شامل ہے۔ سنہا کو اس بار بی جے پی نے پٹنہ صاحب پارلیمانی حلقہ سے اپنا امیدوار نہیں بنایا ہے لیکن سنہا نے ابھی تک پارٹی سے باضابطہ ناطہ نہیں توڑا ہے۔ اگرچہ سنہا نے 6 اپریل کو کانگریس کی رکنیت حاصل کرنے کی بات کہی ہے۔

کانگریس نے ہفتہ کے روز اپنی تشہیری مہم کے 40 ارکان کی فہرست جاری کی جس میں پارٹی کے قومی صدر راہل گاندھی، سابق قومی صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، بہار کے انچارج شکتی سنگھ گوہل، کو۔ انچارج وریندر سنگھ راٹھور، ریاستی صدر مدن موہن جھا، پارٹی اراکین کے لیڈر سدانند سنگھ، ریاستی کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ، سابق لوک سبھا اسپیکر میرا کمار، سابق گورنر نکھل کمار، ممبر پارلیمنٹ طارق انور، رنجیت رنجن، کیرتی جھا آزاد، سابق ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر شکیل احمد، سابق ریاستی صدر چندن باگچی، انل شرما، سینئر لیڈر وجے شنکر دوبے، كوكب قادری، رام دیو رائے، سمیر کمار سنگھ، شیام سندر سنگھ دھیرج، كرپاناتھ پاٹھک اور پریم چند مشرا کے نام شامل ہیں۔