جماعت اسلامی ہند کی قیادت نئی نسل میں منتقل ۔ 46 سالہ سید سعادت اللہ حسینی نئے امیر منتخب

سید سعادت اللہ حسینی جماعت کے چھٹے اور سب سے کم عمر امیرہیں ۔ وہ پہلے امیر ہیں جن کی تاریخ پیدائش آزادی کے بعد 1973کی ہے
نئی دہلی (ملت ٹائمز)
ملک کی معروف ملی تنظیم جماعت اسلامی ہند کے نئے امیر 46 سالہ سید سعادت حسینی اگلے چار سالوں کیلئے منتخب ہوگئے ہیں ۔اپریل 1948 میں قائم ہونے والی جماعت اسلامی کے وہ چھٹے امیر ہیں اور اب تک سے کم عمر امیر ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی 157 رکنی فیصلہ ساز مرکزی مجلس نمائندگان میں سے 80 ووٹ سید سعادت اللہ حسینی کوملے اور پھر اکثریت ووٹ حاصل کرنے کے بعد جماعت کے مرکزی دفتر میں گذشتہ شب رات نوبجے اس کا اعلان کیاگیا ۔ گذشتہ 3اپریل سے یہ انتخابی مہم جاری تھی ۔
سید سعادت اللہ حسینی جماعت کے چھٹے اور سب سے کم عمر امیرہیں ۔ وہ پہلے امیر ہیں جن کی تاریخ پیدائش آزادی کے بعد 1973کی ہے ۔اس سے قبل مولانا ابواللیث اصلاحی ندوی ۔ مولانا محمد یوسف ۔ مولانا محمد سراج الحسن ۔ ڈاکٹر محمد عبد الحق انصاری اور مولانا سید جلال الدین عمری نے قیادت کا فریضہ نبھایا ۔
سید سعادت اللہ حسینی اپریل 2019 تامارچ 2023 امیر جماعت کے عہدہ پر فائز رہیں گے ۔جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم اسٹوڈینٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او ) کے لگاتار دو مدتوں 1999 تا 2003 تک وہ صدر رہ چکے ہیں ۔جماعت اسلامی کے اسٹڈی اینڈ ریسرچ ڈیپارٹمینٹ کے ڈائریکٹر بھی ہیں ۔ نئے امیر حسینی صاحب کا تعلق مہاراشٹر ا کا نانڈیر سے ہے ۔ الیکٹرانک اینڈ ٹیلی کمیونیکشن انجینئرنگ کی ڈگر ی انہیں حاصل ہے ۔
جماعت اسلامی ہند کی فیصلہ ساز باڈی کے اس فیصلہ کے سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات کی ستائش کی ہے کہ نئی نسل اور نوجوانوں پر بھروسہ جتایاگیاہے اور اس سے نوجوانوں کو دلجمعی کے ساتھ کام کرنے کا حوصلہ ملے گا ۔