بہار میں چار لوک سبھا سیٹوں پر ہوئی 53 فیصد ووٹنگ
پٹنہ: (یو این آئی) بہار کی چالیس میں سے پہلے مرحلہ میں نکسل متاثرہ چار لوک سبھا سیٹوں کے لئے آج سخت حفاظتی بندوبست کے مابین کرائے گئے ووٹنگ کے دوران قریب 53 فیصد ووٹروں نے ووٹ ڈالا۔
ریاستی الیکشن دفترکے مطابق چار سیٹ اورنگ آباد ، گیا ( محفوظ) ، نوادہ اور جموئی ( محفوظ ) سیٹ پر صبح سات بجے شروع ہوئی ووٹنگ شام چھ بجے ختم ہو گئی ۔ اس دوران گیا (محفوظ) میں سب سے زیادہ 56 فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ اورنگ آباد میں ووٹنگ کی رفتار سب سے کم رہی ۔ یہاں49.85 فیصد ووٹروں نے حق رائے دہی کا ستعمال کیا ہے ۔ وہیں نوادہ میں 52.5 فیصد اور جموئی (محفوظ) میں 54 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
نکسل متاثرہ اورنگ آباد لوک سبھا حلقہ کے کٹنبا ، رفیع گنج ، گروا، امام گنج اور ٹیکاری اسمبلی حلقوں میں شام چار بجے ووٹنگ ختم ہوگئی۔ اسی طرح گیا لوک سبھا حلقہ کے شیر گھاٹی ، بارہ چٹی اور بودھ گیا اسمبلی حلقہ ، نوادہ لوک سبھا کے رجولی اور گوند پور اسمبلی حلقہ اور جموئی لوک سبھا حلقہ کے سکندرا ، جموئی ، جھاجھا ، چکائی اور تارا پور اسمبلی حلقوں میں شام چار بجے تک ووٹنگ کا عمل پورا کرلیاگیا ۔
ذرائع کے مطابق ووٹنگ پرامن ختم ہوئی۔
اس دوران مرکزی ریزرو پولس فورس اور ضلع پولس نے نکسل متاثرہ اورنگ آباد لوک سبھا حلقہ کے گیا ضلع میں ڈومریا بلاک کے انربن سلیا گاؤں کے ایک اسکول کے بوتھ نمبر نو کے نزدیک سے ایک آئی ای ڈی بم اور امام گنج تھانہ علاقہ میں پلیا کے نیچے سے ایک دیسی بم برآمد کر کے نکسلیوں کے منصوبہ پر پانی پھیر دیا ۔ پولس نے ان بموں کو ناکارہ بنادیا۔ اس کے علاوہ کہیں سے کوئی گڑبڑی کی اطلاع نہیں ہے۔
چیتی چھٹھ کی وجہ سے ووٹنگ فیصد میں کمی دیکھی گئی ۔ ان چار پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ کی رفتار دو پہر بعد سے تھوڑی دھیمی ہو گئی تھی اور اس کی وجہ عوامی اعتقاد کا عظیم تہوار چیتی چھٹھ مانا جا رہا ہے۔