سال 2015 میں دادری میں بیف رکھنے کے شبہے میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیئے گئے محمد اخلاق کے پورے خاندان کا نام ووٹر لسٹ سے غائب ہے۔
دہلی ۔ 11 اپریل 2019
سال 2015 میں دادری میں بیف رکھنے کے شبہے میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیئے گئے محمد اخلاق کے پورے خاندان کا نام ووٹر لسٹ سےغائب ہے۔ گوتم بدھ نگر لوک سبھا سیٹ کے تحت آنے والے بسہاڑا کا رہنے والا اخلاق کا خاندان جمعرات کی صبح ووٹ ڈالنے کے لئے آیا تھا۔
حالاںکہ ووٹر لسٹ چیک کرنے پر پتہ چلا کہ خاندان کے کسی بھی فرد کا نام اب ووٹر فہرست میں موجود نہیں ہے۔ الیکشن کے تمام انتظامات دیکھ رہے بلاک سطح کے افسران کا کہنا ہے کہ گزشتہ متعدد مہینہ سے اخلاق کے گھر میں کوئی فرد نہیں رہ رہا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ووٹر لسٹ سے ان کا نام ہٹا دیا گیا ہوگا۔
اخلاق کے خاندان نے لنچنگ سانحہ کے بعد سکیورٹی وجوہات سے گاؤں چھوڑ دیا تھا لیکن جمعرات صبح ووٹ ڈالنے کے لئے آئے تھے۔ لیکن انہیں فہرست میں اپنا نام نہیں ملا۔ فی حال خاندان کے کسی بھی فرد نے اس معاملہ میں کچھ کہنے سے انکار کیا ہے۔