ریپبلک ٹیلی ویژن کو اقلیتی کمیشن کا نوٹس

نئی دہلی ،14اپریل (آئی این ایس انڈیا)
اخباری اطلاعات پر از خود (سو موٹو) نوٹس لیتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن نے ریپبلک ٹی وی کو نوٹس جاری کرکے پوچھا ہے کہ اس کے رپورٹروں نے تاج انکلیو میں زبردستی گھسنے کی کوشش کیوں کی، اور گھسنے میں ناکامی کے باوجود تاج انکلیو کے باہر اور بعد میں اپنے اسٹوڈیو سے اس مسلم کالونی کے لوگوں کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کیوں جاری رکھی جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوا۔کمیشن نے ریپبلک ٹی وی کو یا ددلایا ہے کہ پرائیویٹ پراپرٹی میں زبردستی گھسنا دفعہ۱ ۴۴ کے تحت ایک جرم ہے اور کسی سماج کو بدنام کرنا بھی ایک معروف جرم ہے۔ کمیشن نے ریپبلک ٹی وی کومزید بتایا کہ شہریوں کے انفرادی حقوق اور آزادیاں ذرائع ابلاغ کی آزادیوں اور ٹی وی چینلوں کی ٹی آرپی کی سیاست سے بلند ترہیں۔کمیشن نے ریپبلک ٹی وی سے ۲۴ اپریل تک جواب مانگا ہے اور مذکورہ حادثے سے متعلق ساری نشریات کی کاپی بھی جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

SHARE