سیمانچل میں این ڈی اے کی شکست کے آثار ۔ کشن گنج میں اختر لایمان سب سے آگے :سروے

سروے میں یہ بات کھل کرسامنے آئی کہ پورنیہ کمشنری کے کٹیہارمیں کانگریس کے امیدوارطارق انور ،پورنیہ میں کانگریس کے پپوسنگھ،کشن گنج میں مجلس اتحادالمسلمین کے امیدواراخترالایمان،ارریہ میں راشٹریہ جنتادل کے امیدوارسرفراز عالم رائے دہندگان کی پہلی پسندہیں
نئی دہلی (ملت ٹائمز)
ملت ٹائمز اور ”بیپ انڈیا“(BEEP INDIA)نے سیمانچل کی پورنیہ کمشنری کے چارلوک سبھا حلقوں کا ایک سیمپل سروے کرایاہے جس سے کئی اہم چونکانے والی بات سامنے آئی ہے۔ملت ٹائمز اور بیپ انڈیا نے تین سوال پر فوکس کیاتھا ۔ سیمانچل کی ترقی کیلئے سب سے بہتر پارٹی کون ہے ۔ مرکز میں کس پارٹی کی حکومت بننی چاہیئے اور آپ کے لوک سبھا حلقہ کیلئے سب سے بہتر امیدوار کون ہے ۔
دس ٹیموں نے سروے کیا اور ہرایک ٹیم میں تین افراد شامل تھے ۔سروے ٹیم نے سماج کے ہرطبقے سے تعلق رکھنے والے تقریبا 40ہزار افراد سے بات کی ۔اس کے علاوہ اس میں شوشل میڈیاپر نظر آنے والے ٹرینڈ کو بھی شامل کیاگیااورپھر جو نتیجہ اخذکیاگیااس کی روشنی میں یہ سروے رپورٹ پیش کیاجارہاہے۔
پورنیہ کمشنری کے چاروں پارلیمانی حلقوں کٹیہار،پورنیہ ،کشن گنج اورارریہ میں الگ الگ سوالات کرکے ہزاروں ووٹروں کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی ۔کسان،کرانہ دکاندار،طلبہ،اسکول ومدرسہ ٹیچرس،پڑھے لکھے بے روزگاراور زمین جائدادوالے امیروں سے سوالا ت کیے گئے تھے۔کوشش یہ کی گئی تھی کہ ہر طبقہ کے لوگوں کے رجحانات کاپتہ لگایاجائے۔سب سے اہم بات یہ کہ ہماری ٹیم کے تمام لوگوں نے اپنی گفتگویاکسی علامت سے یہ ہرگزظاہرہونے نہیں دیاکہ ہم کسی امیدوارکے حامی ہیں۔ہم نے سروے ٹیم کے طورپر اپنا تعارف کرایا،اس کے بعد جن لوگو ںنے بھی بات کی یاسوالات کے جواب دیے اس سے نہایت حقیقی نوعیت کے نتائج اخذکیے گئے ہیں۔
سروے میں یہ بات کھل کرسامنے آئی کہ پورنیہ کمشنری کے کٹیہارمیں کانگریس کے امیدوارطارق انور ،پورنیہ میں کانگریس کے پپوسنگھ،کشن گنج میں مجلس اتحادالمسلمین کے امیدواراخترالایمان،ارریہ میں راشٹریہ جنتادل کے امیدوارسرفراز عالم رائے دہندگان کی پہلی پسندہیں ۔اسی طرح ہماری ٹیم نے سب سے زیادہ کشن گنج لوک سبھا کے بلاک کادورہ کیااوروہاں ہزاروں لو گوں سے سوالات کیے۔ہربلاک کے جائزے کے بعدہم اس نتیجے پر پہنچے کہ زیادہ تربلاک میں مجلس اتحادالمسلمین کے امیدوار اخترالایمان عوام کی پسندمیں سب سے اوپرہیں۔اخترالایمان کاگراف کوچادھامن، ٹیڑھاگاچھ، بہادرگنج،ٹھاکرگنج،دیگھل بینک ،امور،ڈگروااورکشن گنج بلاک میں سب سے اوپر ہے توجنتادل یونائٹیڈ کے امیدوارمحموداشرف کو بائسی میں سبقت حاصل ہے اسی طرح کانگریس کے امیدوارکو پوٹھیابلاک میں سب سے زیادہ لوگ پسندکررہے ہیں۔کس کو کتنے فیصدلو گ کہاں کہاں پسندکررہے ہیں اس کی تفصیل گراف میں دیکھاجاسکتاہے۔مجموعی طور پر کشن گنج میں اختر الایمان کو 61 فیصد لوگ پسند کررہے ہیں ،جے ڈی یو امیدوار محمود اشرف کو 21فیصد اور کانگریس امیدوار محمد جاوید کو 11 فیصد لوگ پسند کررہے ہیں ۔
”بیپ انڈیا“نے عوام سے بہت سے سوالات کیے جن میں ایک سوال یہ بھی تھاکہ بحیثیت امیدوار سب سے بہتر کون ہے تواس میں بھی اخترالایمان کانام سب سے اوپرتھاجب کہ بحیثیت پارٹی یا اتحادآرجے ڈی وکانگریس اتحادکو عوام نے سب سے زیادہ پسندکیا۔مگر امیدوار پسندنہ آنے کی وجہ سے اس تناسب میں ووٹ دینے سے منع کیا۔خاص بات یہ رہی کہ اس سروے میں عام آدمی پارٹی اورترنمول کانگریس کے امیدواروںکے چاہنے والے بھی نظر آئے۔
سروے کی مکمل تفصیلات ملت ٹائمز کے یوٹیوب پر دیکھی جاسکتی ہے ۔

SHARE