سابق مرکزی وزیرعلی اشرف فاطمی نے آر جے ڈی سے استعفیٰ دیا۔تیج پرتاپ روزپارٹی کے خلاف بولتے ہیں توکارروائی کیوں نہیں،فاطمی کاتیجسوی پرتیکھاحملہ

پٹنہ (آئی این ایس انڈیا)
آر جے ڈی سے ناراض چل رہے ہیں سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی نے آخر کار پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔انہوں نے پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دینے کے بعد بدھ کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔اپنی رہائش گاہ پر منعقد ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ تیجسوی کی عمر سے زیادہ وقت سے میں سیاست کررہاہوں۔تیجسوی یادوکے بیان پر کہا کہ آر جے ڈی چھوڑنے کے بعد لالویادو نے خود مجھے پارٹی سے منسلک کیا تھا نہ کہ میں پارٹی یا پھر لالو کے پاس گیا تھا۔سابق مرکزی وزیر اور آر جے ڈی کے قدا ٓور اقلیتی چہرہ کہے جانے والے فاطمی نے بدھ کوپارٹی سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ہی تیجسوی یادو کو بھی نشانے پر لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر مدھوبنی سے الیکشن لڑیں گے۔استعفی کے بعد انہوں نے تیجسوی پر سوال اٹھائے اور کہا کہ مجھے پارٹی نے چھ سال کے لیے بغیر نوٹس کے نکالا ہے، لیکن تےج پرتاپ یادو جو روز پارٹی کے خلاف بولتے ہیں ان پر کوئی کارروائی کیوں نہیں ہو رہی ہے۔بتا دیں دربھنگہ سے ممبر پارلیمنٹ رہے فاطمی مدھوبنی سیٹ سے ٹکٹ نہیں ملنے سے ناراض چل رہے تھے۔انہوں نے پارٹی کو 18 اپریل تک سوچنے کو مہلت دی تھی لیکن اس سے پہلے ہی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے بھی استعفی دے دیا۔غور طلب ہے کہ ٹکٹ نہیں ملنے سے ناراض سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی نے ہفتہ کو پارٹی کے خلاف بغاوت کر دی تھی اور مدھوبنی لوک سبھا سیٹ سے مہاگٹھ بندھن امیدوار کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔فاطمی نے پارٹی کو ایک الٹی میٹم بھی دیا تھا کہ وہ مدھوبنی سیٹ سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لئے 18 اپریل تک پارٹی کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔فاطمی نے کہا تھاکہ میں نے مدھوبنی لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ لیا ہے اور 18 اپریل کو پرچہ نامزدگی داخل کروں گا۔میرے بارے میں فیصلہ کرنے کے لئے پارٹی کے پاس 18 اپریل تک کا وقت ہے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ اگر کانگریس سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر شکیل احمد کو مدھوبنی سے ٹکٹ دیتی ہے تو وہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔لیکن اگر شکیل احمد مدھوبنی سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑتے ہیں تو وہ اس سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔غور طلب ہے کہ مہاگٹھ بند ھن میں سیٹ تقسیم کے تحت مدھوبنی لوک سبھا سیٹ مہاگٹھ بندھن کے اتحادیوں میں سے ایک وی آئی پی کو ملی ہے۔وی آئی پی نے بدری پربے کو مدھوبنی سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔بی جے پی نے قدآوررہنما حکم دےو نارائن یادو کے بیٹے اشوک یادو کو اس سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔