کشن گنج میں آج ووٹنگ ۔ ملک بھر کے علماء،دانشوران اور فکر مند حضرات اختر الایمان کی کامیابی کیلئے دعاءگو

نئی دہلی (ملت ٹائمز)
عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے کیلئے آج ووٹنگ ہورہی ہے جس میں 13 ریاستوں کے کل 97لوک سبھا حلقے شامل ہیں اور 97 سیٹوں پر کل 1635 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ دوسرے مرحلے کے انتخاب میں امروہہ ،مردآباد ،شلچر سمیت بہار کا کشن گنج لوک سبھاحلقہ بھی شامل ہے جس پر پورے ملک و بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کی خصوصی نظر ہے اور تقریبی سبھی مذہبی رہنما،ملی قائدین ،علماء،دانشوران اور فکر مند حضرا ت ایم آئی ایم امیدوار اختر الایمان کی جیت کیلئے دعاءگو ہیں ۔ اپنی سطح پر ان کیلئے کام کررہے ہیں اور کشن گنج کے عوام سے اختر الایمان کیلئے مسلسل اپیل کررہے ہیں کہ وہ اپنا ووٹ اختر الایمان کو دیں۔
امیر شریعت حضرت مولانا محمد ولی رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ،معروف دانشور ڈاکٹر محمد منظور جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل ، حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی ۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا ، پروفیسر اختر الواسع صدر مولانا آزاد اردو یونیورسیٹی جودھپور ، مولانا ذوالفقار احمد اشرفی ،مولانا مفتی محفو ظ الرحمن عثمانی سمیت دسیوں علماءاور اسکالرس واضح لفظوں میں اختر الایمان کیلئے اپیل کرچکے ہیں جبکہ علماءودانشوران کی ایک بڑی تعداد خاموشی کے ساتھ اختر الایمان کیلئے سرگرم ہے ۔
کشن گنج میں رواں عام انتخابات کے دوران تین امیدوار قابل ذکر ہیں ، کانگریس کے ٹکٹ پر ڈاکٹر محمد جاوید ، جے ڈی یو کے ٹکٹ پر محمود اشرف اور ایم آئی ایم کے امیدوار اختر الایمان ، تمام ترتجزیہ ،سروے اور رپوٹس کی بنیاد پر اختر الایمان کی پوزیشن یہاںسب سے مستحکم ہے ۔
واضح رہے کہ کشن گنج مشہور لوک سبھاحلقہ ہے جہاں 70 فیصد مسلم ووٹرس ہیں ، کل رائے دہندگان کی تعداد یہاں 16 لاکھ ہے ۔ اس سے پہلے مولانا اسرارالحق قاسمی یہاں کے ایم پی تھی جن کی سال 2018 میں وفات ہوگئی تھی ۔ سید شہاب الدین ،ایم جے اکبر اور سید شہنواز حسین جیسے رہنما یہاں سے ایم پی منتخب ہوچکے ہیں ۔ مرحوم تسلیم الدین یہاں کے مشہور ایم پی اور لیڈر رہے ہیں ۔