مودی پاکستان کا خوف دکھا کر ووٹ مانگ رہے ہیں: گہلوت

گہلوت نے کہا کہ اپنی کامیابیاں بتاکر الیکشن لڑنے کی بجائے مندر مسجد، ہندو مسلم اور مندر کب اور کہاں بنے گا، یہی معاملے بی جے پی کے انتخابی مہم میں رہ گئے ہیں۔

بھیلواڑہ: (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پاکستان کا خوف دکھا کر عوام سے ووٹ مانگنے کا الزام لگایا۔ اشوک گہلوت ضلع بھیلواڑہ کے شاهپورہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مودی پاکستان کا خوف دکھا کر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، لیکن پاکستان سے ڈرتا کون ہے۔ ہم نے اندرا گاندھی کے وقت پوكرن میں ایٹمی دھماکہ کیا تھا۔ اب فوج کی بہادری کو مودی اپنی بہادری بتا رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ پاکستان ہے کیا چیز! انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دو مرحلوں میں بی جے پی کا صفایا ہو رہا ہے۔ ملک کے ٹی وی چینل اور اخبار کے ایڈیٹر دباؤ میں ہیں۔ ٹی وی پر جو دکھایا جا رہا ہے وہ سب سچ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے آج کل نیا جملہ شروع کیا ہے کہ وہ او بی سی طبقہ سے ہيں، اس لئے کانگریس کے لوگ ان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ گہلوت نے کہا کہ اپنی کامیابیاں بتا کر الیکشن لڑنے کی بجائے مندر مسجد، ہندو مسلم اور مندر کب اور کہاں بنے گا، یہی معاملے بی جے پی کے انتخابی مہم میں رہ گئے ہیں۔

گہلوت نے کہا کہ مودی اپنے آپ کو قوم پرست کہتے ہیں، کیا ہم قوم پرست نہیں ہیں۔ لیکن ہم فوج کے کریڈٹ پر سیاست نہيں کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس نے اب تک پورے ملک کو ایک کرکے رکھا، مگرمودی ملک کو کس سمت میں لے جانا چاہتے ہیں یہ سمجھ سے باہر ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں تین ماہ میں کانگریس حکومت نے کئی بڑے فیصلے کیے ہيں اور جو مسائل رہ گئے ہیں ان کو انتخابات کے بعد مکمل کر دیا جائے گا۔ کانگریس امیدوار کو عوام کی مکمل حمایت ملے تو عوامی فلاحی منصوبوں کا نفاذ ہو سکے گا۔

اس موقع پر نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک میں مودی کانگریس کے لیڈروں کے گھروں پر انکم ٹیکس اور ای ڈی کے چھاپے ڈلواكر ان کی آواز دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی کے کسی لیڈر کے یہاں کارروائی کیوں نہیں ہو رہی ہے۔