سری لنکا: ایسٹر تہوار کے موقع پر چرچوں اور ہوٹلوں میں بم دھماکے، 129 افراد ہلاک، 300 سے زائد زخمی

ہندوستان، سری لنکا میں گرجا گھروں میں ایسٹر کے تہوار پر ہوئے بم دھماکوں کے بعد واقعہ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہندوستان کی جانب سے کسی بھی طرح کی مدد کے لئے ہیلپ لائن شروع کی گئی ہے۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں 3 کیتھولک چرچوں اور 3 پانچ ستارہ ہوٹلوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے بم دھماکوں میں کم از کم 129 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

’کولمبو ٹیلیگراف‘ کی رپورٹ کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے سے نو بجے کے درمیان کولمبو میں كوزی كنڈے سینٹ انتھونی چرچ، نگومبو سینٹ سیبسٹین چرچ اور بٹي كلووا کے ایک چرچ میں سلسلہ وار دھماکے ہوئے۔ اس کے علاوہ دارالحکومت کولمبو کے ہی تین پانچ ستارہ ہوٹل شنگریلا، سنامن گرینڈ اور كنگسبری میں بھی دھماکے ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

سری لنکا کے حالات پر ہندوستان کی گہری نظر

ہندوستان، سری لنکا میں گرجا گھروں میں ایسٹر کے تہوار پر ہوئے بم دھماکوں کے بعد واقعہ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہندوستان کی جانب سے کسی بھی طرح کی مدد کے لئے ہیلپ لائن شروع کی گئی ہے۔

وزیر خارجہ سشما سوراج نے یہاں ٹوئٹر پر کہا کہ وہ سری لنکا میں ہوئے بم دھماکوں کے سلسلہ میں کولمبو میں ہندوستان کے ہائی کمشنر سے مسلسل رابطے میں ہیں اور حکومت وہاں کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

کولمبو اور بٹي كلووا میں ہوئے حملہ کے بعد ہندوستانی ہائی کمیشن نے ہیلپ لائن شروع کر دی ہے اور ہندوستان سے کسی بھی طرح کی معلومات یا مدد کے لئے ان نمبروں پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ نمبر اس طرح ہیں:

94777903082 +

94777902082 +

94772234176 +

94112422788 +

94112422789 +

ایسٹر سنڈے کے موقع پر دونوں ہی چرچ میں بڑی تعداد میں لوگ عبادت کے لئے جمع ہوئے تھے۔ پولس نے بتایا کہ کولمبو کے شنگریلا اور كنگسبري ہوٹل میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔