بہار میں تیسرے مرحلے کے انتخاب میں 60 فیصد پولنگ

بہار میں تیسرے مرحلہ میں پانچ سیٹوں پر ووٹنگ میں قریب 60 فیصد ووٹروں نے ووٹنگ کی اور کئی اہم رہنماؤں سمیت 82 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں قیدکر دیا۔

پٹنہ: (یو این آئی) بہار میں تیسرے مرحلہ میں پانچ سیٹوں پر آج انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے مابین پر امن طریقے سے کرائی گئی ووٹنگ میں قریب 60 فیصد ووٹروں نے ووٹنگ کر کے مرکزی وزیر شرد یادو اور دیویندر پرساد یادو سمیت 82 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) میں قیدکر دیا ۔

ریاستی الیکشن دفتر کے ذرائع نے بتایاکہ ریاست کی پانچ سیٹ جھنجھار پور ، سپول ، ارریہ ، مدھے پورہ اور کھگڑیا پارلیمانی سیٹ پر ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہو ئی جو شام چھ بجے ختم ہوئی ۔ اس دوران قریب 60 فیصد امیدواروں نے اپنے حق رائے دیہی کا استعمال کیا ۔ سپول میں سب سے زیادہ 62.80 فیصد ووٹ پڑے ہیں۔ وہیں جھنجھار پور میں ووٹنگ کی رفتار کچھ سست رہی ۔ یہاں پولنگ ختم ہونے تک 56.92 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دیہی کا ستعمال کیا ہے جبکہ ارریہ میں 62.34 فیصد ، مدھے پورہ میں 59.12فیصد اور کھگڑیا میں 58.83 فیصد پولنگ ہوئی ۔

لوک تانترک جنتادل ( ایل جے ڈی )کے سرپرست شرد یادو نے مدھے پورہ کے بھرکھی کے پولنگ مرکز نمبر 228 پر ووٹ کیا وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے لیڈر شہنواز حسین نے سپول کے کوسی کالونی میں واقع ووٹنگ مرکز نمبر 151 پر قطار میں کھڑے ہوکر ووٹ ڈالا ۔ ادھر ارریہ اور جھنجھار پور میں تیز بارش کے بیچ بھی لوگ ووٹنگ کیلئے گھر سے باہر نکلے ۔ جمہوریت کے عظیم تہوار میں ووٹروں میں زبردست جوش وخروش دیکھنے کو ملا ۔ ووٹنگ پرامن مکمل ہوئی ۔

دریں اثناء ارریہ پارلیمانی حلقہ کے نرپت گنج اسمبلی حلقہ میں بوتھ نمبر 151,152 اور 153 پر کچھ ووٹرو ں نے شکایت کی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم )میں کسی بھی بٹن کو دبانے پر صرف ایک ہی نشان پر ووٹنگ ہور ہی ہے ۔ اس سے بوتھ پر موجود دو سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے مابین جھگڑا شروع ہو گیا۔ ایسے میں معاملے کو قابو میں کرنے اور بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا ۔ حالانکہ اس دوران کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ ارریہ لوک سبھا حلقہ کے فاربس گنج تھانہ علاقہ کے پولنگ مرکز نمبر 11 پر ووٹ ڈال کر لوٹ رہے ایک ووٹر کی آسمانی بجلی گرنے سے موت ہوگئی ۔ متوفی دھرو منڈل پپرا گھاٹ گاؤں کا باشندہ تھا۔ وہیں جھنجھار پور پارلیمانی حلقہ میں بھر ہر گاؤں کے پولنگ مرکز نمبر 195 کے ووٹروں نے سڑک کے مطالبے کو لیکر ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا ۔