امبانی جیسوں کی جیب سے پیسہ نکال کر غریبوں کی جیب میں ڈالیں گے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ مرکز میں مودی حکومت نے جھوٹے وعدے کیے قبائلیوں اور غریبوں کا حق چھین لیا، منریگا منصوبہ کو سست کر دیا۔ لیکن کانگریس حکومت کے آنے پر سو دن کے بجائے 150 دن کا روزگار ملے گا۔

ڈونگرپور: کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پندرہ لاکھ روپے لوگوں کے بینک اکاؤنٹ میں ڈالنے اور دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا جھوٹا وعدہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس حکومت بنی تو غربت کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کر کے پانچ کروڑ خاندانوں کی خواتین کے بینک اکاؤنٹ میں ہر مہینے چھ ہزار روپے ڈالے جائیں گے۔

راہل گاندھی نے آج ضلع ڈونگرپور کے بینیشور میں ایک عوامی ریلی میں وزیر اعظم پر دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا جھوٹا وعدہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے ایک بھی نوجوان کو نوکری نہیں دی، جبکہ22 لاکھ سرکاری نوکریاں بھری جا سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت آنے پر ایک سال میں 22 لاکھ ملازمتوں کی بھرتی کرنے کے ساتھ دس لاکھ لوگوں کو پنچایت میں روزگار دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مرکز میں مودی حکومت نے جھوٹے وعدے کرنے کے ساتھ قبائلیوں اور غریبوں کا حق چھین لیا اور منریگا منصوبہ کو سست کر دیا لیکن کانگریس حکومت آنے پر سو دن کے بجائے 150 دن کا روزگار ملے گا۔ انہوں نے مودی حکومت پر گزشتہ پانچ سال میں قبائلیوں کے ساتھ ناانصافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگلی حکومت میں ان کے ساتھ انصاف ہوگا اور پانی، زمین اور خود داری کی حفاظت کی جائے گی۔

انہوں نے غریبوں کے اکاؤنٹ میں روپے ڈالنے کے طریقے کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ یہ پیسہ امبانی کی جیب سے نکال کر غریبوں کی جیب میں ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرض ادا نہ کرنے پر کسانوں کو جیل نہیں جانا پڑے گا اور نوجوانوں کو صنعت قائم کرنے کے لئے تین سال تک حکومت کی اجازت نہیں لینی پڑے گی۔

راہل گاندھی نے کسانوں کی قرض معافی کے معاملے میں بھی نریندر مودی پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت آنے پر ملک میں ایک قومی اور ایک کسانوں کے لئے بجٹ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال کے آغاز میں ہی کسانوں کو یہ پتہ چل جائے گا کہ ان کی فصل کی حمایت قیمت (سپورٹنگ پرائز) کیا ہو گی اور کتنا معاوضہ اور کتنا قرض معاف ہو سکتا ہے۔

انہوں نے رافیل سودے میں بدعنوانی کی بات دہراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان ايروناٹكس کمپنی سے چھین کر یہ سودا چور انل امبانی کو دے دیا جس کی وجہ سے 526 کروڑ کی بجائے سولہ سو کروڑ روپے دینے پڑے۔