ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے ضرور نکلیں یہ ایک ملکی اور مذہبی فریضہ ہے: مولانا اجمل

ممبئی: (پریس ریلیز) مشہور عالم دین اور آل انڈیا ڈیمو کریٹک فرنٹ کے صدر و رکن پارلیمان مولانا بد ر الدین اجمل نے ہندوستان اور بطورِ خاص ممبئی کے شہریوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے فرمایاووٹ کی شرعی حیثیت شہادت کی ہے، اس کو محض سیاسی ہارجیت کا ذریعہ قرار دینا سخت نادانی ہے، قرآن وسنت کی رو سے واضح ہے کہ نااہل، ظالم، فاسق اورغلط آدمی کو ووٹ دینا گناہِ عظیم ہے، اسی طرح ایک اچھے نیک اور قابل آدمی کو ووٹ دینا ثواب بلکہ ایک فریضہ شرعی بھی ہے، قرآن کریم میں جیسے جھوٹی شہادت کو حرام قرار دیا ہے اسی طرح سچی شہادت کو واجب اور لازم فرمایا ہے، ارشاد باری ہے: “اے مسلمانو!تم لوگ انصاف قائم کرنے والے اور اللہ کے لئے گواہی دینے والے بنو۔ ” (سورہ نساء 135) ۔ ا س اعتبار سے شہادت ایک مذہبی ذمہ داری ہے اور ہر مذہبی ذمہ داری صحیح ڈھنگ سے ادا کرنے پر عبادت بن جاتی ہے لہذا وؤٹ ڈالنا بھی عبادت کے زمرے میں شامل ہے بشرطیکہ صحیح ڈھنگ سے اس کا استعمال ہو۔ جس طرح دیگر عبادات کا جب تقاضا ہو یا جب ان کے لئے آواز لگائی جائے تو لبیک کہنا اور عبادت کی ادائیگی کے لئے جانا اور اس کو ادا کرنا ضروری ہے؛بعینہ اسی طریقے سے وؤٹ چونکہ عبادت کے درجے میں ہے اس لئے جب اس کا اعلان ہوجائے تو گھر میں خاموش بیٹھے رہنا صحیح نہیں بلکہ نکل کر اس کا صحیح استعمال ضروری ہے۔

مولانا اجمل نے مزید فرمایا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اورجمہوری ملک میں ترقی،بقا اور تحفظ کے لئے حق رائے دہی کا استعمال اتنا ہی ضروری ہے ،جتنا جسم کے بقا کے لئے غذا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں اس ملک میں اگر صحت مند اور صحیح سالم رہنا ہے تو حق رائے دہی کا استعمال ضرور کرنا ہوگا۔ اس لئے میں پورے ہندوستان بطورِخاص اہلیان ممبئی سےگزارش کرتا ہوں کہ آپ ووٹ کی تاریخ میں کثیر تعداد میں گھروں سے نکلیں اور سیکولر امیدواروں کو ووٹ ڈالنے کی ذمہ داری ادا کریں ،ممبئی میں عموماً لوگ گھروں سے نہیں نکلتے ہیں جس کی وجہ سے وؤٹ ڈالنے کی فیصد ہندوستان کے دوسرے جگہوں کے مقابلے میں ہمیشہ یہاں بہت کم رہا ہے جو کسی بھی اعتبار سے ایک جمہوری ملک کے نظام کے لئے صحیح نہیں ہے اس لئےبطور خاص اس دن اہلیان ممبئی اپنی مشغولیت ؛چاہے وہ تجارت ہو یا ملازمت سے فرصت نکال کر اپنی گھروں کی خواتین کو لیکر ووٹ کے عمل میں شریک ہوں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔