ممتا بنرجی نے کہا کہ اگردوسری مدت کے لئے بی جے پی اور نریندر مودی اقتدار میں آگئے تو ملک کو برباد کردیں گے۔ بی جے پی ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ 440 وولٹ کی بجلی سے زیادہ بی جے پی ملک کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
کولکاتا(ایم این این )
مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 440 وولٹ کی طرح بی جے پی ملک کے لئے انتہائی خطرناک سیاسی جماعت ہے۔ ہگلی لوک سبھا سے ترنمول کانگریس کی امیدوار رتنا ڈے ناگ کی حمایت میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی کو رد کردیں کیوںکہ بی جے پی ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر ترنمول کانگریس اقتدار میں آئی تو ملک کے اقتداراعلیٰ و آئین کو نقصان نہیں پہنچنے گا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ اگردوسری مدت کے لئے بی جے پی اور نریندر مودی اقتدار میں آگئے تو ملک کو برباد کردیں گے۔ بی جے پی ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ 440 وولٹ کی بجلی سے زیادہ بی جے پی ملک کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہزاروں کسانوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں خودکشی کرلی ہے۔لاکھوں نوجوان ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بے روزگار ہوگئے ہیں۔ پٹرول، ڈیڑل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی کے دور اقتدار میں عام لوگوں کو بینک سے قرض بھی نہیں ملا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ سی پی ایم کے غنڈے اب بی جے پی میں استاد بن گئے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مذہب کے نام پر بی جے پی ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خود کو ہندو¿ں کی سیاسی جماعت کہلانا پسند کرتی ہے۔ مگر بی جے پی ہندو مذہب کا احترام کرنا نہیں جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کے دور اقتدار میں ملک میں فرقہ وارانہ فسادات میں اضافہ ہوا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمو ل کانگریس نے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کیے ہیں۔ مذہبی مقامات تارکیشور، گنگا ساگر، دکھنیشور، تارا پیٹھ اور کنگی لی تلہ کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے کئی اہم کام کیے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی ملک کو تباہ و برباد کردے گی۔ وزیر اعظم مودی مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم بول رہے ہیں کہ بنگال میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ گھر سے بیٹیاں نکلنے میں خوف کرتی ہیں، سوال یہ ہے کہ کیا یہ حقیقت ہے۔
وزیرا علیٰ نے کہا کہ در اصل یہ بنگال کی توہین اور بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بنگال ہندوستان میں سب سے پرامن ریاست ہے اور یہاں کے لوگ پرامن طریقے سے رہتے ہیں یہاں کوئی مذہبی انتہا پسندی کے واقعات رونما نہیں ہوتے ہیں۔ بی جے پی کی کوششوں کے باوجود یہاں امن کا ماحول ہے۔ جب کہ بی جے پی ووٹ کی خاطر بنگال میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کر رہی ہے مگر انہیں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔
ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی 80 سے زائد سیٹوں پر کامیابی حاصل نہیں کرسکے گی۔آندھرپردیش، تامل ناڈو، پنجاب، کیرالہ، مغربی بنگال اور اڑیسہ میں بی جے پی کو صفر ملے گا۔ گجرات اور راجستھان میں بھی حالت خراب ہے۔