نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند نے رمضان المبارک کے موقع پر بنگلہ دیش میں پناہ گزیں روہنگیا مسلمانوں کے لیے پچیس ہزار کلو کھجور تقسیم کے لیے روانہ کیے ہیں۔ مدینہ منورہ سے برآمد یہ کھجور جمعیۃ علماء ہند یونائیٹیڈ کنگڈم (یوکے)کے تعاون سے مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علما ء ہند کی ہدایت پر پانچ ہزار بکسوں میں تیار کرائے گئے ہیں۔
واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند، ستمبر 2017ء سے کاکس بازار اور کٹوپلانگ (بنگلہ دیش) میں پناہ گزیں دس لاکھ روہنگیا مسلمانوں کے درمیان کام کررہی ہے۔ کٹوپلانگ میں تنظیم نے آٹھ کروڑ سے زائد رقم خرچ کرکے تیرہ سو اٹھاون خیمے نصب کئے ہیں، جہاں مظلوم اور بے وطن روہنگیا مسلم خاندان رہتے ہیں۔ جمعیۃ نے وہاں مقامی تنظیموں کے تعاون سے دینی مکاتب، حفظ خانے، مساجد وغیرہ تعمیر کرائے ہیں اور مسلسل ان کی ضرورتوں کا خیال رکھتی ہے۔ مولانا محمود مدنی مظلوم رو ہنگیا مسلمانوں کے مسائل کو لے کر ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں – حال میں ان کی ہدایت پر بھارت کی راجدھانی دہلی اور متھرا میں بھی روہنگیا کے درمیان رمضان کٹس تقسیم کرائی گئی تھی- مولانا مدنی ان دنوں خانقاہ مدنی دیوبند میں رمضان کے موقع پر آئے سینکڑوں مریدین و معتقدین کے ارشاد و سلوک میں مصروف ہیں۔