مودی کی ’مندر یاترا‘ پر تنازعہ، ٹی ایم سی نے الیکشن کمیشن کو لکھا خط

نئی دہلی(ایم این این )
ترنمول کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی کیدار ناتھ یاترا کے دوران ہونے والی تقریر اور اس کے ٹی وی کوریج کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس کی شکایت کی ہے۔
راجیہ سبھا میں ترنمول کے رہنما ڈیریک او برائن نے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کو اتوار کو خط لکھ کر اس کی شکایت کی ہے۔ برائن نے خط میں لکھا ہے کہ 17 مئی کو انتخابی مہم ختم ہو گئی لیکن دو دن سے ٹی وی والے مودی کی کیدار ناتھ-بدری ناتھ یاترا کو نشر کر رہے ہیں۔
مودی نے ٹی وی کے سامنے پریس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کیدارناتھ کا ماسٹر پلان تیار ہے۔ آج آخری مرحلے کی پولنگ کے دن ووٹروں کو لبھانے کے لئے یہ سب کرنا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ لہذا الیکشن کمیشن کو اس معاملے میں کارروائی کرنی چاہیے۔
اتر اکھنڈ بی جے پی کی طرف سے ہفتہ کے روز ٹوئٹ کی گئی تصویر میں وزیر اعظم مودی ایک گپھا میں دھیان کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے بھگوا کپرے پہنے ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے مودی کو ہمالیہ جانے کی اجازت دی تھی اور کہا تھا کہ ابھی مثالی ضابطہ اخلاق لاگو ہے۔ ترنمول نے خط میں لکھا، ”ووٹروں کو براہ راست یا بلواسطہ طور پر متاثر کرنے کے لئے وزیر اعظم کی ہر منٹ کی معلومات کو پبلک کیا گیا ہے۔ مودی-مودی کے نعرے بھی سنائی دے رہے ہیں۔ ایسا ووٹوں کو متاثر کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔ یہ نہایت ہی افسوس ناک ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس پر اپنی آنکھ اور کانوں کو بند کیا ہوا ہے۔“