وزیر اعظم کا بیان قابل ستائش لیکن عملی طور پر واضح تضاد ۔ اقلیتوں کا اعتماد جیتنے کیلئے انہیں عملی اقدام کرنا ہوگا :ملی کونسل

معروف اسلامی اسکالر ،آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم

گذشتہ پانچ سالوں سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ جب بھی وزیر اعظم نریندر مودی مسلمانو ں اور اقلیتوں کے تئیں کوئی مثبت بات کرتے ہیں ۔ گﺅ رکشکوں اور انتہاءپسندوں کے خلاف بیان دیتے ہیں تو ان کے ہی لوگ دوسری طرف مسلمانوں اور اقلیتوں پر حملہ کردیتے ہیں ۔ اس مرتبہ بھی ویسا ہی ہواہے
نئی دہلی ۔26مئی (ملت ٹائمز)
اقلیتوں اور مسلمانوں کے تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ بیان قابل ستائش ہے کہ وہ سب کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔ اقلیتوں کا اعتماد جیتیں گے ۔ کسی بھی طرح کا بھید بھاﺅ نہیں کریں گے لیکن یہ عجیب وغریب معاملہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جب بھی اس طرح کی اچھی باتیں کرتے ہیں اس کا عملی مظاہرہ الٹاہوتاہے اور ان کے لوگ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر حملہ کردیتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے ایک پریس نوٹ میں کیا ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر اپنا تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گذشتہ پانچ سالوں سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ جب بھی وزیر اعظم نریندر مودی مسلمانو ں اور اقلیتوں کے تئیں کوئی مثبت بات کرتے ہیں ۔ گﺅ رکشکوں اور انتہاءپسندوں کے خلاف بیان دیتے ہیں تو ان کے ہی لوگ دوسری طرف مسلمانوں اور اقلیتوں پر حملہ کردیتے ہیں ۔ اس مرتبہ بھی ویسا ہی ہواہے ۔ پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں وہ خطاب کرکے اقلیتوں کا اعتماد جیتنے کی بات کررہے تھے دوسری طرف مدھیہ پردیش میں تین مسلمانوں کو ایک بھیڑ ماررہی تھی ۔ بنگال میں اب تک تشدد جاری ہے ۔ برکپور لوک سبھا سیٹ جہاں بی جے پی ایم پی کی جیت ہوئی وہاں مسلمان نقل مکانی کررہے ہیں ۔ ان کی دکانیں نذر آتش کی جارہی ہے ۔ مسلمانوں میں خوف اور تشدد کا معاملہ ہے ۔
ڈاکٹر منظور عالم نے کہاکہ یہ عجیب وغریب معاملہ ہے اور یہی وہ بنیادی وجہ ہے جس کی وجہ سے ملک کی اقلیت چاہتے ہوئے بھی بھروسہ نہیں کرپارہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندرمودی اپنے قول وعمل میں سچے ہیں ۔ واقعی وہ اقلیتوں کے ہمدرد ہیں تو وہ ایسے واقعات پر پہلی فرصت میں پابندی لگائیں ۔ جولوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیں ۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد منظور عالم نے سورت میں آتشزدگی کے واقعہ پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ گجرات میں 23 معصوموں کی موت درناک سانحہ ہے ۔ متاثرین کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں اور اہل کے ساتھ ہیں ۔ حکومت سے ملی کونسل کی اپیل ہے کہ وہ تمام متاثرین کو مناسب معاوضہ دے اور ایسے سانحہ کے پیش آنے پر روک لگائے ۔نیز صوبائی سطح پر اس کی انکوائری بھی کرائی جائے کہ ایسا واقعہ کیسے پیش آگیا کون اس کیلئے ذمہ دار ہے ۔

SHARE