اسلام آباد26مئی(آئی این ایس انڈیا)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کا ملک بھارت کی نئی حکومت سے تمام زیر التواءمسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔سرکاری ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق قریشی نے سنیچر کی رات ملتان میں ایک افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں کو علاقے کی خوشحالی اورامن کے لیے بات چیت کر مسائل کو سلجھانا چاہیے۔اس سے دو دن پہلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی نے بڑے اکثریت سے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے اور نریندر مودی دوسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لینے جا رہے ہیں۔پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو مودی کی جیت پر انہیں مبارک باد دی تھی اور علاقے کے امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔خان نے انگریزی اور اردو میں ٹویٹ کیا تھاکہ میں بی جے پی اور اتحادیوں کی جیت پر وزیر اعظم مودی کو مبارکباد دیتا ہوں۔جنوبی ایشیا میں امن،ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کو لے کر پرامید ہوں۔خان نے اپریل میں کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر عام انتخابات میں مودی جیتتے ہیں تو بھارت کے ساتھ امن مذاکرات کرنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بہترموقع مل سکتاہے۔بھارت میں عام انتخابات کے نتائج پاکستان کے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ نئی دہلی میں نئی حکومت بھارت-پاکستان کے تعلقات کے مستقبل کی سمت پر غور کریں گے۔پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں دراڑاوربڑھ گئی تھی۔انتخابات کے نتائج کے اعلان سے ایک دن پہلے ہی قریشی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بدھ کوکرغستان کے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ایک دوسرے کا حال چال پوچھاتھا۔ قریشی نے سشماسوراج کوبات چیت کے ذریعے تمام مسائل کے حل کی پاکستان کی خواہش سے آگاہ کیا تھا۔