مولانا اجمل نے وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا امید ہے آپ اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کے لئے عملی اقدام کریں گے
نئی دہلی(ملت ٹائمز)
آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بد رالدین اجمل قاسمی نے لوک سبھا الیکشن میں کامیابی اور دوسری بار وزیر اعظم بننے کے لئے منتخب ہونے پر شری نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید کرتا ہوں کہ آپ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدام کریں گے اور ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس’ کا نعرہ آپ کی سرکار کے کام اور پالیسی میں واقعی طور پر اپنا اثر دکھا ئے گا۔ وزیر اعظم کو لکھے اپنے خط میں مولانا اجمل نے کہاکہ لوگوں نے آپ کو ووٹ دیکر اقتدار کی کرسی سونپی ہے اس امید کے ساتھ کہ آپ ملک کی ترقی اور لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کریں، امیدہے کہ آپ ملک کی ہر سطح پر ترقی، ملک میں امن و امان اور بھائی چارہ کے قیام کے لئے کام کرکے لوگوں کی امید پر کھرا ا ترنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ آپ نے الیکشن میں کامیابی کے بعد ۵۲، مئی کو پارلیمنٹ کے سینٹرل حال میں کی گئی اپنی تقریر میں اقلیتوں کے لئے جو امیدا افزا بات کہی ہے وہ قابل ستائش ہے مگر حقیقی مبارکباد کے مستحق آپ اُس وقت ہوں گے جب آپ کے وعدے زمینی سطح پر نافذ ہوں گے اور اقلیتوں کے اچھے دن آئیں گے،انہیں بہتر تعلیم اور نوکری کے ساتھ پر امن ماحول میں زندگی گزار نے کا موقع ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم آپ سے یہ بھی امید کرتے ہیں کہ آپ مسلمانوں پر مسلسل حملہ کرنے والوں اور ان کو خوفزدہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرکے سرکار پرمسلمانوں کے اعتماد کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔