مینا بازار میں خواتین کی عزت سے کھیلتا تھا مغل بادشاہ اکبر ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کا شرمناک

مدن لال سینی نے جے پور میں بی جے پی دفتر میں مہارانا پرتاپ کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کی عظمت کو اس کے کردار سے پرکھنا چاہیے
جے پور (ایم این این )
بی جے پی پارٹ 2 میں بھی الٹے سیدھے بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور اب ایک ایسا ہی احمقانہ اور بے تکا بیان راجستھان بی جے پی کے ریاستی صدر مدن لال سینی نے اکبر کے تعلق سے دیا ہے جو ان کی ذہنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اکبر کے تعلق سے متنازعہ بیان دیا ہے کہ ”وہ (اکبر بادشاہ) عورتوں کے لباس میں مینا بازار جاتا تھا اور وہاں خواتین کی عزت سے کھیلتا تھا“۔ کانگریس نے مدن لال کے اس بیان کی تنقید کی ہے۔
مدن لال سینی نے جے پور میں بی جے پی دفتر میں مہارانا پرتاپ کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کی عظمت کو اس کے کردار سے پرکھنا چاہیے۔ سینی نے کہا ”اکبر نے مینا بازار لگوایا اور اس مینا بازار میں سارے کام خواتین کیا کرتی تھیں۔ اکبر خواتین کے لباس میں وہاں جاتا تھا اور ان کی عزت لوٹتا تھا“۔ حالانکہ مدن لال سینی نے بعد میں کہا کہ عزت لوٹنے سے ان کی مراد چھیڑ چھاڑ تھی۔
سینی نے کہا ”تو کردار سے دیکھنا پڑے گا کہ مہان کون ہو سکتا ہے“۔ اس دوران کانگریس کی ترجمان ارچنا شرما نے سینی کے بیان پر اپنا رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”انہوں نے جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہیں“۔
اکبر بادشاہ تھا اور اس کے حرم میں ایک سے ایک خوبصورت خواتین رہتی تھیں اور اس کو خواتین کو چھیڑنے کے لئے کسی مینا بازار اور خاتون کے لباس پہننے کی ضرورت نہیں تھی۔ کوئی بھی بادشاہ جو خراب فطرت کا ہو اس کے لئے ان تمام ہتھکنڈوں کی ضرورت نہیں پڑتی۔ مدن لال سینی اگر اچھی تاریخ پڑھیں گے تو ان کا ذہن صا?ف ہوگا اور صاف ذہن سے ملک اور سماج کی ترقی زیادہ بہتر ممکن ہے۔