پاک فوج کی طاقت بجٹ نہیں، اس کا عزم اور عوام کی حمایت ہے۔ دفاعی بجٹ میں ہوئی کٹوٹی کی وجہ سے میڈیا میں جاری واویلا پر پاک فوج کا ردعمل

اسلام آباد (ایجنسیاں)
پاکستان میں فوج کا بجٹ کم کردیاگیاہے جس پر ہندوستان اور پاکستان میں مسلسل بحث چل رہی ہے ۔ ہندوستانی میڈیا میں حسب سابق اس خبر کی بنیاد پر پاکستان کو نیچا دیکھا جارہاہے ۔ میڈیا کے اس رویہ پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت یاد رکھے کہ پاک فوج کی طاقت اس کا بجٹ نہیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ہندوستانی میڈیا کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھولنا مت، یہ وہی فوج ہے اور اسی بجٹ کے ساتھ ہے جو 27 فروری 2019 کو تھی۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہنا ہے کہ بھارت کا جعلی میڈیا دفاعی بجٹ سے متعلق مرضی کے تجزیے کر رہا ہے۔ بھولنا مت، یہ وہی فوج ہے اور اسی بجٹ کے ساتھ ہے جو 27 فروری 2019ئ کو تھی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فیک میڈیا قومی دفاعی بجٹ پر واویلا کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاک فوج کی طاقت بجٹ نہیں بلکہ اس کا عزم عوام کی طاقت ہے۔ پاکستانی قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔یہ بجٹ کا نہیں قوم اور پاک فوج کے عزم کا معاملہ ہے۔ ہمارے پاس استعداد کار اور جواب دینے کی مکمل صلاحیت بھی ہے۔
اس سے قبل ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ دفاعی بجٹ میں ایک سال کی رضا کارانہ کٹوتی کے اثرات دفاع اور سیکیورٹی پر نہیں پڑیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے خطرے کا موثر جواب دینے کی صلاحیت برقرار رکھی جائے گی۔
میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی کہا کہ مسلح افواج کی تینوں سروسز بجٹ کٹوتی کے اثرات مناسب طریقے سے اندرونی طور پر مینج کریں گی۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع اور بلوچستان کی ترقی میں حصہ ڈالنا بہت اہم تھا۔