گورنر نائک سے اکھلیش یادو کی ملاقات : جنگل راج کو کنٹرول کرنے کے لیے ہدایات جاری کریں : اکھلیش یادو

لکھنو، 15 جون (آئی این ایس انڈیا)
اتر پردیش میں قانون کے ناگفتہ حالات کو لے کر ایس پی صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو گورنر رام نائک سے ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر سے کہا کہ وہ حکومت کو بیدار کریں، جیسا وہ ان (اکھلیش)کی حکومت کے وقت کرتے تھے۔ اکھلیش نے گورنر سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ گورنر ایس پی کے دور حکومت میں قانون و انتظامیہ کی طرف اشارہ کیا کرتے تھے۔ ہم نے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو بیدار کریں اور جنگل راج کو کنٹرول کرنے کے لئے ہدایات جاری کریں ۔ اکھلیش نے پارٹی کے سینئر لیڈر احمد حسن کے ساتھ مل کر گورنر کو میمورنڈم بھی سونپااور ریاست کی مسلسل بدسے بدتر ہوتی قانون و انتظامیہ میں مداخلت کی اپیل کی۔ اکھلیش نے کہا کہ بار کونسل صدر کو ان کے چیمبر میں مار دیا جاتا ہے، جیل میں قتل کا واقعہ پیش آجاتا ہے ، یہ سب کیسے ہو رہا ہے؟اس کے لیے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے، جس نے مجرموں کو چھوٹ دے رکھی ہے۔