قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ موبائل ایپ پر کام جاری ہے اور یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپ ہوگی۔
سری نگر: (یو این آئی) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ کونسل نئی نسل کو اردو کی طرف راغب کرنے اور اردو سیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والوں کے لئے عنقریب ایک موبائل ایپ لانچ کرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ پر کام جاری ہے اور یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپ ہوگی۔
یو این آئی اردو کو دیے گئے ایک انٹریو میں انہوں نے کہا: ‘نئی نسل اردو کی طرف زیادہ راغب نہیں ہورہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ان کی اردو میں دلچسپی پیدا ہو، اس کے لئے کونسل بہت سارے پروگرام کررہا ہے اور نئی نسل کی موبائل کے ساتھ گہری وابستگی کے پیش نظر ہم ایک موبائل ایپ لانچ کریں گے جس سے نئی نسل اردو کی طرف راغب ہوگی اور اردو سیکھنے کا ذوق وشوق رکھنے والے ارود سیکھ سکیں گے’۔
اردو کے فروغ کے لئے شروع کی جانے والی موبائل ایپ کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا: ‘اس موبائل ایپ کے اندر اردو سیکھنے کے جتنے بھی پہلو ہیں انہیں ڈالا جائے گا جیسے کسی بڑے فلمی ادکار یا اداکارہ کے ایک ایک یا دو دو منٹوں پر اردو کے حق میں تاثرات ہوں گے، اس کے بعد اردو سیکھنے کے لئے ہمارے پاس جو کتابیں ہیں ان کے ہر باب کو ایک ایک کرکے سکھایا جائے گا، اردو کے حروف تہجی کو پڑھنا اور لکھنا سکھایا جائے گا’۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ اردو اچھی طرح سیکھ لیں گے تو موبائل ایپ میں شعراء کرام کی اچھی اچھی غزلیں ڈالی جائیں گی انہیں سکھایا جائے گا، مثلاً اگر کوئی علامہ اقبال کی غزل سننا چاہتا ہے تو غزل نہ صرف لکھی ہوگی بکہ اس کو آواز میں پڑھا بھی جائے گا تاکہ اس کی ادائیگی کو بھی سیکھا جاسکے۔
ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ اسی طرح موبائل ایپ میں چھوٹے چھوٹے افسانے اور بچوں کے افسانے بھی ڈالے جائیں گے، افسانے بھی لکھے ہوں گے اور انہیں پڑھا بھی جائے گا تاکہ پتہ چل سکے کہ کس لفظ کا کیا تلفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سے بہترین شعراء کی ایک فہرست بھی مرتب کی جائے گی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے انہیں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔
موصوف ڈائریکٹر نے کہا: ‘اس موبائل ایپ میں ایک پروویژن ایسا بھی ہوگا جس میں ملک کے نوجوان شعراء سے اپنا کلام اپ لوڈ کرنے کو کہا جائے گا اور پھر ان میں سے جن دس بارہ شعرا کا کلام معیاری وبہتر ہوگا ان کی ایک فہرست مرتب کی جائے گی اور انہیں ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے اور ان کے لئے ایک مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا جائے گا ، اس طرح ان کی ہمت افزائی بھی ہوگی اور وہ آگے بھی بڑھ سکیں گے، اسی طرح افسانہ نگاروں سے بھی کہا جائے گا کہ وہ اپنے افسانے پڑھ کر اپ لوڈ کریں’۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوئے تو نئی نسل موبائل پر ہی اردو سیکھ سکتی ہے اور غزلیں بھی سن سکتے ہیں۔ اس موبائل ایپ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کہ یہ موبائل اپ کب تک لانچ ہوسکتی ہے، کے جواب میں ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا: ‘اس پر کام جاری ہے متعلقین کو ایک مکتوب بھیج دیا گیا ہے، اُن کے ساتھ دس پندرہ دنوں کے اندر اندر ایک میٹنگ کریں گے اور پھر لائحہ عمل مرتب کریں گے جس کو بہت جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا’۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ای ٹی وی کے گروپ ایڈیٹر راجیش رینہ کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی ہے اور ان سے بھی کافی مشورے حاصل کئے گئے ہیں۔