اداکارہ نصرت جہاں نے ترکی میں ایک غیر مسلم کے ساتھ رچائی شادی ۔ ہندوانہ رسم ورواج کے مطابق ہوئی تقریب

سوشل میڈیا پر ایک غیر مسلم سے شادی کرنے کی خبر آنے کے بعد مسلمان اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں اور نصرت جہاں کے اس اقدام کو غلط بتارہے ہیں
انقرہ (ایم این این )
ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کر پارلیمنٹ پہنچی بنگلہ فلموں کی معروف اداکارہ نصرت جہاں بدھ کے روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ انھوں نے کولکاتا کے بزنس مین نکھل جین کے ساتھ ترکی میں شادی کی۔ شادی کی وجہ سے وہ بطور رکن پارلیمنٹ حلف بھی نہیں لے سکیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان پہنچنے کے بعد وہ جلد حلف برداری کریں گی۔
نصرت جہاں نے آج اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شادی کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ بہت خوبصورت نظر آ رہی ہیں۔ ترکی میں ہوئی یہ شادی ہندو رسم و رواج سے ہوئی اور اس تقریب میں دونوں ہی خاندانوں کے قریبی رشتہ دار شامل ہوئے۔ ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ممی چکرورتی بھی اس شادی میں شامل ہوئیں جو کہ خود اداکارہ بھی ہیں اور نصرت کی طرح پہلی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک غیر مسلم سے شادی کرنے کی خبر آنے کے بعد مسلمان اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں اور نصرت جہاں کے اس اقدام کو غلط بتارہے ہیں ۔ سوشل میڈیا صارفین کا مانناہے کہ نصرت جہاں کو مسلمانوں نے ان کے مسلمان ہونے کی وجہ سے ووٹ دیاتھا لیکن ایک غیرمسلم کے ساتھ شادی کرکے اس نے بتادیا ہے کہ اب وہ مسلمان نہیں رہی ۔

واضح رہے کہ سترہویں لوک سبھا کے لئے ہو نے والے انتخابات میں نصرت جہاں مغربی بنگال کے بشیرہاٹ سے پہلی بار ایم پی منتخب ہوئی ہیں جہاں 65 فیصد مسلم آبادی ہے۔ نصرت جہاں نے اپنی شادی کی کئی تصاویر انسٹاگرام پر بھی شیئر کی ہیں۔ تصویر میں وہ سرخ رنگ کے لنگے میں انتہائی خوبصورت نظر آ رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر نے آف وائٹ رنگ کی شیروانی پہنی ہوئی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بہت جلد شادی شدہ جوڑا ہندوستان لوٹے گا اور 4 جولائی کو کولکاتا میں ایک گرانڈ رسپشن پارٹی بھی رکھی گئی ہے جس میں سیاسی ہستیوں کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

SHARE