ہندوخواتین سے بی جے پی کو ہمدردی کیوں نہیں ؟۔آپ کواکثریت ملی ہے تومن مانی نہیں کرسکتے:اویسی

تین طلاق بل پر اویسی کا سخت حملہ: مسلم خواتین سے ہمدردی تو ہندو سے کیوں نہیں؟
سبری مالامیں اورطلاق معاملے میں دوہرارویہ،بل سے مسلم خواتین کوکوئی فائدہ نہیں ہوگا
،مسلم اورغیرمسلم شوہروں کی سزامیں فرق کیوں؟
نئی دہلی، 21 جون (آئی این ایس انڈیا)
مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے مسلم خواتین کونام نہاد ٹرپل طلاق سے نجات دلانے کے نام پر تین طلاق بل کو جمعہ کو لوک سبھا کے ٹیبل پر رکھا۔اس کے بعد ایوان میں کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔تین طلاق بل کی مخالفت کرتے ہوئے حیدرآباد سے ایم پی اوراے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ یہ آئین مخالف اور آرٹیکل 14 اور 15 کی خلاف ورزی ہے۔مودی حکومت کو مسلم خواتین سے ہمدردی ہے تو کیرالہ کی ہندو خواتین سے محبت کیوں نہیں؟ آخر سبریمالا پر آپ رخ کیا ہے؟۔ایم پی اسد الدین اویسی نے تین طلاق بل پر سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی غیر مسلم کو کیس میں ڈالا جائے تو اسے 1 سال کی سزا اور مسلمان کو 3 سال کی سزا،کیا یہ آرٹیکل 14 اور 15 کی خلاف ورزی نہیں ہے؟۔ اس بل سے صرف مسلمان مردوں کو سزا ملے گی۔آپ مسلم خواتین کے مفاد میں نہیں ہیں بلکہ آپ ان پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔اویسی نے کہا کہ تین طلاق پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے صاف ہے کہ اگر کوئی شخص ایک وقت میں تین طلاق دیتا ہے تو شادی نہیں ٹوٹے گی۔ایسے میں بل میں جو شق ہے، اس سے شوہر جیل چلا جائے گا اور وہ 3 سال جیل میں رہیں گے۔ایسے میں مسلم خاتون کو گزارا-بھتہ کون دے گا؟ آپ (حکومت) دیں گے؟۔اویسی نے کہا کہ آپ کو مسلم خواتین سے اتنی محبت ہے۔کیرالہ کی ہندو خواتین سے محبت کیوں نہیں ہے،کیوں آپ سبریمالا کے فیصلے کے خلاف ہیں؟ یہ غلط ہو رہا ہے۔اسد الدین اویسی نے کہا کہ اس بل سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا بلکہ مسلم خواتین کو نقصان ہوگا،یہ بل پہلے تو ہمارے آئین کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔موجودہ وقت میں دوسرے بہت سے قانون ہیں جس میں گھریلو تشدد قانون جو کافی طاقت ور ہے۔سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے، جس میں تین طلاق کو منسوخ کر دیا گیا۔ایسے میں اگر کوئی طلاق دیتا ہے تو شادی نہیں ٹوٹے گی۔ایسے آپ اس کا جرائم کر رہے ہیں۔اویسی نے کہا کہ اگر کوئی غیر مسلم اپنی بیوی کو چھوڑتا ہے تو اسے 1 سال کی سزا اور مسلم کو 3 سال کی سزا، جوبرابری کے حقوق کے خلاف ہے۔آپ کو اکثریت ملی ہے تو آئین کے خلاف قانون تھوڑی بنا دیں گے،یہ میرا حق ہے کہ حکومت کوئی بل لاتی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ درست نہیں ہے تو ہم مزاحمت کر سکتے ہیں۔