اردوصحافیوں کی مرکزی وزیرسے ملاقات،پرکاش جاوڑیکرنے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی
نئی دہلی، 26 جون(آئی این ایس انڈیا)
سرکردہ اردو صحافیوں نے مرکزی وزیر اطلاعات ونشریات پرکاش جاوڑیکرسے ملاقات کرکے انہیں اردو اخبارات وجرائد کے مسائل سے آگاہ کیا۔گذشتہ شب نئی دہلی کے ہوٹل سوریہ میں این سی پی کے جنرل سیکریٹری ڈی پی ترپاٹھی کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں کچھ سینئر اردو صحافیوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاکہ وہ مہمان خصوصی پرکاش جاوڑیکر کے ساتھ اردو اخبارات کو در پیش مسائل پر تبادلہ خیال کرسکیں۔مرکزی وزیرنے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں دیگر ہندوستانی زبانوں کے ساتھ ساتھ اردوزبان سے خاص لگاو¿ ہے اوروہ فروغ انسانی وسائل کی وزارت میں رہ کر قومی اردو کونسل کے توسط سے اردوکے فروغ کی کوششوں میں شامل رہے ہیں۔اس موقع پراین سی پی کے سینئر لیڈر سید جلال الدین نے مدعو صحافیوں کووزیرمحترم سے متعارف کرایا اور گفتگو کا آغاز کیا۔اردوصحافیوں نے آل انڈیا ریڈیو‘دور درشن‘پی آئی بی‘پبلی کیشن ڈویژن اوردیگر نشریاتی اداروں میں اردو عملے کی شدید قلت کی طرف توجہ دلائی۔آل انڈیا اردو ایڈیٹر س کانفرنس کے سیکریٹری معصوم مرادآبادی نے کہاہے کہ2016میں نافذ کی گئی ڈی اے وی پی کی سخت پالیسی کی وجہ سے چھوٹے اور درمیانی درجے کے اخبارات کو بہت نقصان پہنچا ہے اور ان میں سے بیشتر موت وزیست کے مراحل سے دو چار ہیں۔ادیب اور صحافی شاہد ماہلی نے کہا کہ آل انڈیا ریڈیو اور دور درشن جیسے اداروں میں اردو جاننے والے نایاب ہوتے جارہے ہیں۔اس موقع پر سینئر صحافی اور کالم نگار سراج نقوی اور ایم ودود ساجد نے بھی اردو زبان اور اردو صحافت کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں کارآمد تجاویز پیش کیں۔وزیر اطلاعات ونشریات نے یقین دلایا کے وہ اردو اخبارات کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر گلوکارہ اور ادکارہ سلمیٰ آغا اور شاعر ملک زادہ جاوید بھی موجود تھے۔






