2017 میں ایک اپریل کو الور میں مبینہ گورکشکو کی بھیڑ نے پہلو خان پر حملہ کیا تھا۔حملہ اس وقت ہوا جب وہ راجستھان میں گائے خریدنے کے بعد ہریانہ جا رہے تھے۔ڈیری بزنس کرنے والے پہلو خان کی حملے کے 2 دن بعد موت ہو گئی تھی
الور ، 29 جون (آئی این ایس انڈیا)
راجستھان میں گﺅکشی کے معاملے میں پولیس کی چارج شیٹ میں پہلو خان کو ملزم بنائے جانے پر ان کے بیٹے نے حیرت ظاہر کی ہے۔پہلو خان کے بیٹے نے کہا کہ بی جے پی کی طرح کانگریس نے بھی ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اگر انصاف نہیں دے سکتی تو بہتر ہے کہ انہیں مار ہی دے۔بتا دیں کہ پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں پہلو خان اور ان کے بیٹے کے خلاف غیر قانونی طریقے سے مویشی لے جانے کا ملزم بنایا ہے۔یکم اپریل 2017 کو کچھ مبینہ گورکشکو نے پہلو خان کی پٹائی کر دی تھی جس کے تین دن بعد ان کی موت ہو گئی تھی۔پہلوخان کے بیٹے نے کہاکہ ڈھائی سال ہو رہے ہیں، ہماری آنکھوں کے سامنے ہمارے ابا کو مار دیا گیا، ہمیں انصاف نہیں ملا،ہمارے ابا کو مار دیا، ہمیں مارا اور ہمارے خلاف ہی چارج شیٹ دائر ہو گئی۔کانگریس سے امید تھی لیکن جیسے بی جے پی میں ہوا ویسے ہی کانگریس بھی کر رہی ہے،اس سے بہتر تو ہمیں بھی مار دے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں ہمارا حق ملنا چاہئے،ہمیں کورٹ سے امید ہے کہ وہاں ہمیں انصاف ملے گا۔ راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے اس معاملے میں کہا کہ یہ چارج شیٹ بی جے پی حکومت کے دوران ہوئی تفتیش کی بنیاد پر داخل کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کیس کی جانچ پچھلی بی جے پی کی حکومت کے دوران کی گئی تھی اور چارج شیٹ تیار کی گئی،اگر تحقیقات میں کوئی غلطی پائی جاتی ہے تو کیس کی دوبارہ جانچ کرائی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ پہلو خان کے خلاف چارج شیٹ گزشتہ سال 30 دسمبر کو ہی تیار کر لی گئی تھی۔اس کے13 دن بعد راجستھان میں اشوک گہلوت کی حکومت اقتدار میں آئی۔غور طلب ہے کہ 2017 میں ایک اپریل کو الور میں مبینہ گورکشکو کی بھیڑ نے پہلو خان پر حملہ کیا تھا۔حملہ اس وقت ہوا جب وہ راجستھان میں گائے خریدنے کے بعد ہریانہ جا رہے تھے۔ڈیری بزنس کرنے والے پہلو خان کی حملے کے 2 دن بعد موت ہو گئی تھی۔راجستھان پولیس نے اس سال کے آغاز میں الور ضلع میں 55 سال کے پہلو خان کو گورکشکو کی بھیڑ کی طرف سے پیٹ پیٹ کر مار ڈالنے کے معاملے میں 6 ملزمان کو کلین چٹ دے دی ہے۔کیس کے 9 دیگر ملزمان کے خلاف فوجداری مقدمہ چلتا رہے گا۔






