بنگلور،09جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
کرناٹک میں کانگریس پارٹی اراکین کے لیڈر سددھرمےا نے منگل کو کہا کہ جن باغی ممبران اسمبلی نے استعفی دیا ہے پارٹی انہیں نااہل قرار دینے کا مطالبہ کرے گی۔ریاست میں اراکین اسمبلی کے استعفے کے دور کے درمیان کرناٹک اسمبلی کے صدر کے آررمیش کمار نے منگل کو کہا کہ ان کا ہر قدم تاریخ بنے گا۔کانگریس جد ایس مخلوط حکومت کے مستقبل کی کلید اب کمار کے ہاتھوں میں ہے۔سابق وزیر اعلی سددھرمےا نے استعفی دینے والے پارٹی کے 10 ممبران اسمبلی سے درخواست کی ہے کہ وہ پارٹی میں واپس آ جائیں بصورت دیگر نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔اتحاد کے 13 ممبران اسمبلی کے استعفی کے بعد بحران سے نمٹنے کے لیے یہاں منعقد کانگریس پارٹی اراکین کی میٹنگ کے بعد انہوں نے صحافیوں سے بات چیت میں یہ اعلان کیا۔ ان 13 اراکین اسمبلی میں 10 کانگریس کے اور تین جد ایس رکن اسمبلی ہیں۔سددھرمیا نے دعوی کیا کہ استعفی نہ اپنی مرضی سے کیا گیا ہے اور نہ ہی حقیقی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں شامل ہوئے تمام ممبران اسمبلی نے پارٹی کے تئیں اپنی وفاداری دہرائی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں منتخب حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے غیر مستحکم کر رہی ہے اور یہ ان کی چھٹی کوشش ہے۔سددھرمےا نے کہا کہ کانگریس اسمبلی صدر کے آررمیش کمار سے ان ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دینے کی درخواست دے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم لوگ اسمبلی میں گاندھی مجسمہ کے پاس دھرنے کرنے جا رہے ہیں جس میں تمام ممبر اسمبلی حصہ لیں گے، اس کے بعد ہم لوگ اسمبلی صدر کو عرضی سونپیں گے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کے دفتر میں بھیجا گیا استعفی منظور ہو گا، اس پر کمار نے اشارہ دیا ہے کہ ممبران اسمبلی کو اپنا استعفی ان سے مل کر ذاتی طور پر دینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ بصورت دیگر میری تو کوئی ضرورت ہی نہیں ہے۔اگر سب کچھ خط و کتابت کے ذریعے ہو سکتا ہے تو میری کیا ضرورت ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دو آزاد اراکین اسمبلی کے ساتھ یہ ممبر اسمبلی اس وقت مہاراشٹر میں کہیں ٹھہرے ہوئے ہیں اور ان کے بی جے پی کو حمایت دینے کا امکان ہے۔12 جولائی کو ہونے والے اسمبلی سیشن سے پہلے استعفے پر اسمبلی صدر کے فیصلے کی کافی اہمیت ہے کیونکہ یہ ایچ ڈی کمار سوامی کی قیادت والی مخلوط حکومت کا مستقبل طے کرے گی۔






