جمعرات کے روز حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہونے والا القسام کارکن اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا
دبئی(ایم این این )
قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ میں بیت حانون کے مقام پر فائرنگ کر کے فلسطینی تنظیم ‘حماس’ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک کمانڈر کو جاں بحق کر دیا گیا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہونے والا القسام کارکن اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔جمعرات کو اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے شمالی علاقے میں فلسطینیوں کے دو گروپوں پر گولیاں چلائی تھیں۔ اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی مزاحمت کار کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ملی تھیں۔ بعد ازاں زخمی فلسطینی اسپتال میں دم توڑ گیا۔ادھر جنوبی غزہ میں رفح کے مقام پر بھی اسرائیلی فوجیوں نے حماس کے ایک گروپ پر فائرنگ کی تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حماس کےعسکری ونگ القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں اپنے ایک کارکن کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اس کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ اسرائیلی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے فلسطینی کی شناخت محمد الادھم کے نام سے کی گئی ہے۔ الادھم القسام کی ‘حماالثغور’ یونٹ میں شامل تھا۔
ادھر ایک دوسری پیش رفت میں مصری انٹیلی جنس کا ایک وفد مصری حکام کے ساتھ ملاقات کے لیے تل ابیب پہنچا ہے۔ اسرائیلی حکام سے ملاقات کے بعد مصری انٹیلی جنس عہدیدار رام اللہ اور غزہ کا بھی دورہ کریں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنا بتایا جاتا ہے۔