پولس سپرنٹنڈنٹ نے اس خط میں پوری تفصیل جمع کرنے کے لیے ایک وقت دیا ہے اور اسپیشل برانچ کے ڈپٹی پولس سپرنٹنڈنٹس کو لکھا ہے کہ ”اپنے علاقوں میں موجود ان تنظیموں کی تفصیل ایک ہفتہ کے اندر جمع کریں۔“ پولس سپرنٹنڈنٹ نے سبھی پولس افسران کو یہ سخت ہدایت بھی دی ہے کہ وہ اس کام کو ضروری سمجھیں اور وقت پر تفصیلات جمع کر دستخط کنندہ کے دفتر کو بھیجیں۔
پٹنہ (ایم این این )
بہار میں اسپیشل برانچ کے پولس سپرنٹنڈنٹ کا ایک پرانا خط سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں لوکل پولس افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں موجود آر ایس ایس اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کی مکمل فہرست تیار کریں۔ اس خط میں واضح لفظوں میں لکھا گیا ہے کہ ہندو تنظیموں کا نام، پتہ اور کاروبار کے تعلق سے تفصیل جمع کریں اوربھیجیں۔
خبر رساں ادارہ ’اے این آئی‘ نے اس خط کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ڈالا ہے جس میں اس نے لکھا ہے کہ ”پولس سپرنٹنڈنٹ (اسپیشل برانچ) پٹنہ نے 28 مئی 2019 کو لکھے خط میں ڈپٹی پولس سپرنٹنڈنٹس (اسپیشل برانچ) کو ہدایت دی ہے کہ وہ آر ایس ایس اور نیچے دئیے گئے ان کی معاون تنظیموں کے عہدیداروں کی فہرست تیار کی جائے اور ان کے نام، پتہ، فون نمبر کے ساتھ ساتھ ان کےپروفیشن کی تفصیل بھی جمع کریں۔“
اس خط میں آر ایس ایس سمیت 19تنظیموں کا نام لکھا گیا ہے جس کی تفصیل طلب کی گئی ہے۔ ان تنظیموں میں وی ایچ پی، بجرنگ دل، ہندو جاگرن سمیتی، مسلم راشٹریہ منچ، شکشا بھارتی، درگا واہنی، سودیشی جاگرن منچ، اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد، ہندو مہاسبھا، ہندو یوا واہنی اور ہندو پتر سنگٹھن وغیرہ شامل ہیں۔ ان سبھی تنظیموں کے عہدیداروں کی تفصیل طلب کی گئی ہے۔
پولس سپرنٹنڈنٹ نے اس خط میں پوری تفصیل جمع کرنے کے لیے ایک وقت دیا ہے اور اسپیشل برانچ کے ڈپٹی پولس سپرنٹنڈنٹس کو لکھا ہے کہ ”اپنے علاقوں میں موجود ان تنظیموں کی تفصیل ایک ہفتہ کے اندر جمع کریں۔“ پولس سپرنٹنڈنٹ نے سبھی پولس افسران کو یہ سخت ہدایت بھی دی ہے کہ وہ اس کام کو ضروری سمجھیں اور وقت پر تفصیلات جمع کر دستخط کنندہ کے دفتر کو بھیجیں۔
اس خط کے وائرل ہونے کے بعد ایک بار پھر بہار میں جنتا دل یو اور بی جے پی کے درمیان تلخیوں کی بات کہی جانے لگی ہے۔ سیاسی معاملوں پر گہری نظر رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ نتیش کمار آر ایس ایس کے خلاف قدم اٹھانا چاہتے ہیں اسی لیے پولس محکمہ کو ہندو تنظیموں کی تفصیلات جمع کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ اسپیشل برانچ کے پولس سپرنٹنڈنٹ کے ذریعہ 28 مئی کو لکھے گئے مذکورہ خط کو ایک خفیہ خط قرار دیا جا رہا ہے جو کہ اب منظر عام پر آ چکا ہے۔