نئی دہلی ،18جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
دہلی کی عام آدمی پارٹی نے دہلی کو بڑا تحفہ دیا ہے۔جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اروندکیجریوال نے کہاہے کہ اب دہلی کی غیر قانونی کالونیاں قانونی ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دہلی کی غیر قانونی کالونیوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے جلد رجسٹری کھل جائے گی، ان کے مالکانہ حق کا خواب پورا ہونے والا ہے۔اس سے پہلے ہمیشہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوتا رہا، انتخابات کے وقت وعدے ہوتے تھے بعد میں سب بھول جاتے تھے۔کیجریوال نے کہا کہ جیسے ہی ہماری حکومت بنی ہم نے اس پر کام شروع کر دیا۔ 2 نومبر 2015 کو ہم نے کابینہ تجویز پاس کی تھی اور مرکزی حکومت کو بھیج دیا۔بدھ کی شام کومرکز سے مثبت جواب آیا ہے۔مرکز نے کچھ سوال پوچھے ہیں۔میں نے حکام کو کہا ہے تین چار دن میں مرکزی حکومت کوتسلی بخش جواب دیں۔سی ایم کیجریوال نے یہ بھی کہاہے کہ ہم نے پہلے ہی ان کالونیوں میں پانی کی پائپ لائن،گلیاں،گٹر،نالیاں بنوائیں۔3500 کروڑ سڑک اور نالیوں پراور2500 کروڑ پانی اور سیور ڈالنے پر ان کالونیوں میں اب تک ہماری حکومت نے خرچ کیا ہے۔1 جنوری 2015 تک کی بنی 1797 کالونیوں کو اس سے فائدہ ہو گا۔






