دار العلوم دیوبند میں ہیلی پیڈ بنائے جانے کی تحقیقات شروع 

 ڈی ایم سہارنپور نے کہا جانچ سے سامنے آئے گی سچائی، دارالعلوم نے کہا جانچ میں مکمل تعاون کیا جائے گا 

دیوبند: (ایس۔ چودھری) دارالعلوم دیوبند میں تعمیر کرائی جارہی شاندار لائبریری کے اوپر ہیلی پیڈ بنائے جانے کی شکایت ملنے کے بعد حرکت میں آئی ضلع انتظامیہ نے اب آگے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ اس معاملہ میں ایک مرتبہ پھر ڈی ایم سہارنپور نے دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ سے تحریری جواب طلب کیا ہے۔ حالانکہ دارالعلوم دیوبند کی طرف دیئے گئے ایک جواب میں صاف کہاگیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی زیر تعمیر لائبریری کے اوپر ہیلی پیڈ نہیں بنایا جارہا ہے، جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے ایک اور نوٹس جاری کرکے لائبریری کی تعمیر کے لئے اجازت نامہ اور این او سی دکھانے کو کہا تھا۔ ضلع کلکٹر آلوک کمارپانڈے نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے کچھ لوگوں آئے تھے لیکن وہ لائبریری و دیگر تعمیرات کے متعلق کاغذات پیش نہیں کرسکے ،اس معاملہ میں اب پینلٹی لگائی جائے گی ساتھ ہی ہیلی پیڈ کے متعلق تمام طرح کی معلومات حاصل کرنے اور اس کی سچائی معلوم کرنے کے لئے جانچ بیٹھا دی گئی ہے۔ ڈی ایم نے بتایاکہ دیوبند کے جے ای کے ذریعہ بتایا گیاہے کہ دارالعلوم دیوبند کے احاطہ میں ایک بڑی لائبریری کی تعمیر کی جارہی ہے اور اس کے اوپر ہیلی پیڈ بھی بنایا جارہا ہے۔ لائبریری کے اوپر ہیلی پیڈ بنائے جانے کی اطلاع کے بعد اس معاملہ میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کو 26؍ جون کو نوٹس بھیج کر مذکورہ معاملہ میں معلومات طلب کی گئی تھی اور مذکورہ لائبریری کی تعمیر سے متعلق دیگر دستاویز و این اوسی دکھانے اور ایک ہفتے کے اندر جواب دینے کو کہا گیا تھا۔ لیکن دارالعلوم دیوبند کی طرف ہیلی پیڈ نہ بنانے کی کی اطلاع دی گئی اور کوئی معلومات نہیں دی گئی ،جس کے بعد ایک مرتبہ پھر نوٹس بھیجا گیا ۔ ڈی ایم نے بتایا ہے کہ لائبریر ی کی تعمیر کے متعلق دیگر دستاویزات کے ساتھ این اوسی نہ دکھانے پر پینلٹی لگائی جائے گی اور ہیلی پیڈ بنائے کے جانے کے معاملہ میں جانچ کرائی جارہی ہے تاکہ صحیح معلومات سامنے آسکے۔ ادھر دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلع کلکٹر کے نوٹس کا جواب دے دیا گیا ہے اور آگے بھی نوٹس ملنے پر جواب دیا جائے گا ،اگر کوئی جانچ ہوگی تو اس میں تعاون کیا جائے گا ۔