ریاض: (ملت ٹائمز) سعودی عرب کی دار الحکومت ریاض میں فضلائے دارالعلوم دیوبند کی تنظیم لجنہ علمیہ کے تحت خیام ریسٹورینٹ حارا میں عید الاضحیٰ کے موضوع پر گذشتہ کل آٹھویں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز حضرت مولانا احتشام الحق صاحب قاسمی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ حضرت مولانا محمد ہاشم صاحب قاسمی نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نذرانہء عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد مختلف مقالہ نگاروں نے مختلف عنوان کے تحت مختلف مقالات پیش کئے جن کی تفصیل حسبِ ذیل ہے۔
(1) قربانی کا تصور اسلام اور دیگر مذاہب عالم میں، مولانا اشرف علی قاسمی چمپارن (2) حج کی تاریخی حیثیت، احکام و مسائل، مولانا محمد شاہد قاسمی مئو (3) حضرت اسماعیل علیہ السلام کی سیرت طیبہ، مولانا عبد الرزاق قاسمی دیوبند (4) عید الاضحی کی سنتیں اور رسومات و خرافات مولانا شفیق احمد قاسمی شاہ گنج (5) قربانی اطاعت حق کا نشان، مولانا صابر آزاد قاسمی بہار (6) خطبہء حجۃ الوداع انسانی حقوق و فرائض کا عالمی منشور، مولانا انعام الحق قاسمی چمپارن۔
پہلے مقالہ میں مولانا اشرف علی نے اسلام کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب عالم میں قربانی کا تصور، اس کی تاریخ اور اس کے طریقہء کار پر مفصل روشنی ڈالی۔ دوسرے مقالہ میں مولانا محمد شاہد قاسمی نے حج کی تاریخی حیثیت، اس کے فرائض و واجبات اور سنن و آداب پر سیر حاصل گفتگو کی۔ تیسرے مقالہ میں مولانا عبد الرزاق قاسمی نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کا جامع سوانحی خاکہ پیش کر حضرت ابراھیم، حضرت سارہ اور حضرت ھاجرہ علیہم السلام کا تاریخی واقعہ انتہائی مدلل انداز میں بیان کیا۔ چوتھے مقالہ میں مولانا شفیق احمد قاسمی نے عید الاضحی کی سنتیں، اس کے آداب اور اس کے اندر در آئیں رسومات و خرافات کا مکمل جائزہ لیا۔ پانچویں مقالہ میں مولانا صابر آزاد قاسمی نے بتایا کہ قربانی در حقیقت اللہ کی اطاعت کا ایک نشان ہے اور اس میں اس بات کا وعدہ ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو جانور کے بجائے ہم اللہ کی راہ میں اپنی جانوں کا بھی نذرانہ دینے کو تیار ہیں۔ چھٹے اور آخری مقالہ میں مولانا انعام الحق قاسمی نے سامعین کو بتایا کہ حجۃ الوداع کا تعلق انسانی زندگی کے ہر پہلو سے ہے خواہ اس کا تعلق سیاسیات سے ہو یا سماجیات سے، وہ معاشرت سے متعلق ہو یا اقتصاد سے۔ اس مقالہ کے بارے میں اگر کہا جائے کہ یہ مقالہ پورے پروگرام کی کامیابی کی ضمانت ہے تو یہ بات غلط نہ ہوگی۔
پروگرام کی نظامت مولانا محفوظ احمد قاسمی، بھیرہ نے کی جبکہ تنظیم کے سر پرست حضرت مولانا عبد الباری صاحب قاسمی نے جلسہ کی صدارت کا فریضہ انجام دیا۔آپ نے اپنے پر مغز خطبہء صدارت سے سامعین کو خوب خوب محظوظ کیا اور انہیں اپنے ناصحانہ کلمات سے بھی نوازا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی عالی جناب ذو القرنین صاحب علیگ نے بھی اپنی قیمتی تاثرات کا اظہار کر پورے پروگرام کی تعریف و توصیف کی اورسامعین کو آپ نے بتایا کہ اتنے مختصر وقت میں اتنا معلومات افزاء پروگرام کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اخیر میں تنظیم کے روح رواں حضرت مولانا انعام الحق صاحب قاسمی کی رقت آمیز دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس پورے پروگرام کے انعقاد میں حضرت مولانا محمد ہارون صاحب قاسمی نے انتہائی اہم اور موثر رول ادا کیا.

Leave a Reply