پی ایم مودی کے قریبی مفتی لقمان نے ماب لنچنگ کے خلاف کھولی زبان۔ حکومت سے سخت کاروائی کا مطالبہ

دہلی(ملت ٹائمز)
گجرات کے مشہور عالم دین اور وزیر اعظم نریندرمودی کے قریبی سمجھے جانیو الے مفتی محمد لقمان تاراپوری نے ملک بھر میں پہ درپہ پیش آرہے موب لنچنگ کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے غیر انسانی فعل سے تعبیر کیا ہے۔ انھوں نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق قانون وضع کرے،نیز ان تمام واقعات کی تفتیش کے لیے ایک کمیشن قائم کیا جائے، نیز ایسے متاثرین یا ان کے اہل خانہ کی بازآبادکاری کے لیے قومی سطح پر ایک فنڈ مختص کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ وہ جلد وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور ان باتوں کو ان کے سامنے پوری مضبوطی سے رکھیں گے۔انھوں نے کہا کہ ماب لنچنگ کے پس پشت سیاسی چالیں بھی ہوسکتی ہیں، اقتدار سے محروم کانگریس پارٹی اور ان کے کارندے ان میں ملوث ہو سکتے ہیں تا کہ وزیر اعظم کو بدنام کیا جاسکے۔جہاں تک برسر اقتدارپارٹی کی بات ہے تو اگر اس کی نیت ٹھیک نہ ہوتی تو وہ قانون بنانے کی بات نہ کرتی۔ اس لیے اس معاملے کے سبھی پہلوؤں کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ مذہب کو ہر گز سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، ملک میں آج جو حالات ہیں وہ ایسے عناصر کی کارستانی ہیں۔ مفتی لقمان تارا پوری جووزیر اعظم مودی سے کئی بار مل چکے ہیں انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں ہم ان باتوں کو ضرور اٹھائیں گے اور ان سے مطالبہ کریں گے کہ وہ موب لنچنگ کے خلاف قانون بنائیں۔