ڈی ایم نے کہاکہ قانون کے مطابق ہوگی کارروائی، دارالعلوم نے کہاکہ ہر طرح سے کیاجائیگا تعاون
دیوبند(سمیر چودھری)
دار العلوم دیوبند کی زیر تعمیر شاندار لائبریری کی تعمیر کے لئے این او سی نہ ہونے، قانونی ضابطوں پر عمل نہ کرنے اور لائبریری کی چھت پر ہیلی پیڈ بنائے جانے کی شکایات کے بعد آج ڈی ایم سہارنپور، ایس ایس پی، ایس ڈی ایم، پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر سمیت اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم مع پولیس فورس کے موقع معائنہ اور جانچ کے لئے دار العلوم دیوبند پہنچی۔ جانچ ٹیم نے دار العلوم انتظامیہ اور کارگذار مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی کے ساتھ لائبریری کا موقع معائنہ کیا اور تعمیر سے متعلق دستاویزات بھی چیک کئے۔گزشتہ کئی دنوں سے دارالعلوم کی لائبریری کی جانچ کا معاملہ چل رہاتھا ،جس کے لئے آج صبح تقریباً گیارہ بجے ڈی ایم آلوک اور ایس ایس پی دنیش کمار پی سمیت اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم نے دارالعلوم دیوبند پہنچ کر جمعیة علما ءہند کے صدر مولانا سید ارشد اور کارگزار مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی سے ملاقات کی۔اس کے بعد انہوںنے لائبریری کا معائنہ کیا اور لائبریری کی باریک بینی سے جانچ کرتے ہوئے اس کے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کی ۔ بعد ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی ایم نے بتایا کہ ہمیں رپورٹ ملی تھی کہ دار العلوم دیوبند میں لائبریری کی ایک بہت وسیع وعریض کئی منزلہ عمارت بغیر نقشہ پاس کرائے تعمیر کرائی جارہی ہے اور عمارت کی ٹیرس پر ہیلی پیڈ بنایا جارہا ہے۔ ڈی ایم نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لائبریری کے بالائی حصہ پر ہیلی پیڈ نہیں بنایا جارہاہے، وہیں دارالعلوم دیوبند ہر طریقہ سے انتظامیہ کے تعاون کے لئے تیار ہے اور دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ پینلٹی وغیرہ بھرنے کے لئے بھی تیار ہے اور سرکاری کاموں میں تعاون کررہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ضلع مجسٹریٹ آلوک پانڈے نے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر جانچ کے بعد اپنی رپورٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر این اوسی کے تعمیر کی جارہی لائبری کے معاملہ میں قواعد وضوابط کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی ایم آلوک پانڈے نے بتایا کہ دار العلوم انتظامیہ جانچ کے عمل میں مکمل طور سے تعاون کر رہی ہے وہ جرمانہ بھرنے کے لئے بھی تیار ہے،اسلئے اس میںکمپاو¿نڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمپاونڈنگ کے لئے جرمانہ کتنا ہوگا یہ ابھی طے نہیں ہے۔ اس دوران ایس ڈی ایم دیوبند راکیش کمار، سی او دیوبند اجے شرما، دیوبند کوتوالی انچارج آنند دیو مشر، پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر اور تحصیلدار کے علاوہ بڑی تعداد میں پولیس فورس موجود رہی۔
وہیںدار العلوم دیوبند کے استاذ حدیث اور بزرگ عالم دین و جمعیة علماءہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے نقشے لازمی طور پر متعلقہ محکمہ سے پاس ہونے سے متعلق کئے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دار العلوم دیوبند کو کبھی اس سلسلہ میں نہیں چھیڑا گیا اس لئے ادارہ کے تعمیراتی کام بھی اسی طرح چلتے رہے۔ مولانا سید ارشد مدنی نے کہا لیکن اب اس طرف توجہ دلائی گئی ہے تو آئندہ اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ دار العلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی نے بھی لائبریری کے بالائی حصہ پر ہیلی پیڈ بنائے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی ایم دیوبند راکیش کمار کی جانب سے موصول ہونے والے نوٹس کے جواب میں وضاحت کردی گئی تھی کہ ادارہ میں صرف لائبریری تعمیر کی جارہی ہے۔ ہیلی پیڈ نہیں بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کمپاو¿نڈ نقشہ جمع کرنے اور جرمانہ کی ادائیگی کے لئے تیار ہے۔ وہیں جامع مسجد کلاں سہارنپور کے منیجر مولانا فرید مظاہری،شعبہ اوقاف سے مولوی محمد مرتضی ، مولوی محمد اسجد،مولوی شفیق احمد سمیت بڑی تعداد میں دارالعلوم دیوبند سے منسلک افراد بھی موجودرہے۔
ودیگر عملہ نے بھرپور تعاون کیا۔